بنگلہ دیش، الیکشن کمیشن نے خالدہ ضیاء کے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کردیا

جمعہ 2 جنوری 2009 12:15

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔02جنوری 2009 ء) بنگلہ دیش کے صدر ایاز الدین احمد اور چیف الیکشن کمشنر اے ٹی ایم شمس الہدیٰ نے بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کی سربراہ خالدہ ضیا کے اِن الزامات کی سختی سے تردید کی کہ حالیہ انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایاز الدین احمد نے گزشتہ روز ڈھاکہ میں چودہویں انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں منصفانہ اور شفاف انتخابات کے لیے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ 29 دسمبر کے پارلیمانی انتخابات منصفانہ اور شفاف طریقے سے کرائے گئے ہیں۔

اْنھوں نے الیکشن میں کامیابی پر عوامی لیگ کو بھی مبارک باد دی۔چیف الیکشن کمشنر نے بی این پی کے اِس الزام کو کہ یہ پارلیمانی انتخابات طے شدہ حکمتِ عملی کے تحت کرائے گئے تھے، کہا کہ پورا انتخابی عمل بالکل صاف و شفاف تھا اور سیاسی جماعتوں کی تقدیر کا فیصلہ عوام کی صواب دید پر چھوڑ دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اِس سے قبل امریکہ، یورپ اور دولتِ مشترکہ سے تعلق رکھنے والے الیکشن مبصرین نے بھی اپنی رپورٹوں میں واضح کر دیا تھا کہ بنگلہ دیش کے انتخابات میں اْنھیں کسی طرح کی دھاندلی کے ثبوت نہیں ملے۔واضح رہے کہ انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد خالدہ ضیا نے کہا تھا کہ چونکہ اِن میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی تھی اِس لیے یہ نتائج انھیں قابلِ قبول نہیں ہیں۔