دنیا میں سب سے زیادہ معمر افرادکی تعدادجاپان میں ہیں ،رپورٹ

منگل 6 جنوری 2009 13:08

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔06جنوری 2009 ء) پرانے قصے کہانیوں میں کئی ایسے کرداروں کا ذکر ملتا ہے جن کی عمریں سینکڑوں برس تھیں۔ صحت کی سہولتوں میں اضافے ، مناسب خوراک اور تعلیم کے فروغ سے گذشتہ چند عشروں میں اوسط عمر نمایاں طور پر بڑھی ہے اور ترقی یافتہ ملکوں میں یہ اوسط 75 سال سے زیادہ ہو چکی ہے۔ دنیا میں بڑی عمر کے سب سے زیادہ افراد جاپان میں ہیں۔

ماہرین کا کہناہے کہ عمر میں اضافہ جاپانیوں کے لیے کئی طرح کے مسائل کا سبب بن رہاہے۔جاپان میں 65 سال سے زیادہ عمر کے افراد کی تعداد 20 فیصد سے بڑھ گئی ہے اور اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2050 ء میں جاپان میں ایسے افراد کی تعداد دس لاکھ تک پہنچ جائے گی جن کی عمریں سوسال سے زیادہ ہوں گی۔ اور یہ تعداد دنیا بھر میں کسی ملک میں سب سے زیادہ تعداد ہوگی۔

(جاری ہے)

جاپانیوں کی طویل عمری کا راز سمندری خوراک میں ہے۔ جاپانیوں کو سمندری غذا کا عشق ہے اور ان کا دسترخوان اس کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔اقوام متحدہ کی زراعت اور خوراک کی تنظیم کے 2003ء کے اعداد وشمار کے مطابق ایک جاپانی سالانہ 66 کلوگرام مچھلی جھینگے اور دوسری سمندری غذا استعمال کررہا تھا۔ جاپان اپنی مچھلی کی ضروریات کا 59 فیصد ملکی وسائل سے پورا کرتا ہے جبکہ باقی ماندہ حصہ درآمد کیا جاتا ہے۔

جاپان دنیا میں سب سے زیادہ مچھلی درآمد کرنے والا ملک ہے۔ لیکن اب جاپان میں ماہی گیری کی صنعت زوال کی جانب بڑھ رہی ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ اس صنعت کو جوان کارکنوں کی شدید کمی کا سامناہے۔سرکاری اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ نوجوان اس جانب نہیں آرہے اور اس صنعت میں پہلے سے موجود کارکنوں کی اوسط عمر بڑھتی جارہی ہے جس سے ان کی کارکردگی کم ہورہی ہے۔

متعلقہ عنوان :