فلسطین میں جارحیت، دنیا بھر میں اسرائیل مخالف مظاہرے

ہفتہ 10 جنوری 2009 11:28

یت المقدس(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔10جنوری 2009 ء) مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی پولیس نے نمازیوں کو مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے سے روک دیا ، اس پرنمازیوں نے اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا جو پولیس تشدد کے بعد جھڑپوں میں تبدیل ہو گیا۔اسرائیلی پولیس نے نمازیوں پر آنسو گیس کے گولے چلائے اور لاٹھی چارج کیا،جس کے جواب میں فلسطینی نوجوانوں نے پولیس پر پتھرائو کیا۔

مغربی کنارے میں بھی فلسطینیوں نے غزہ پر اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کیا ۔۔ اسرائیلی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل فائر کیے جس میں متعدد افرادزخمی ہوگئے۔ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مقبوضہ بیت المقدس ،انڈونیشیا، اردن، عراق، ایران اور امریکا سمیت یورپ کے کئی ملکوں میں بھی مظاہرے کئے گئے۔

(جاری ہے)

انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں بڑی تعداد میں لوگ امریکی سفارتخانہ کے سامنے سراپا احتجاج بن گئے ،اور مطالبہ کیا کہ امریکا اسرائیل کی بے جا حمایت کرنا بند کرے، اور اقوام متحدہ فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے بند کرانے کےلئے قرار داد پر فوری عمل کرائے۔

عراق،ایران ، اردن ،بنگلا دیش اور یورپی ممالک میں بھی بڑی تعداد میں لوگوں نے اسرائیل کے خلاف ریلیاں نکالیں وینزویلا کے دارالحکومت کراکس میں ہزاروں افراد نے غزہ پر اسرائیلی سفارتخانے کی جانب مارچ کیا، مظاہرین سے خطاب میں وینزویلا کے وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل غزہ سے اپنے تمام فوجی نکالے اور فلسطینیوں پر حملے بند کرے۔چلی میں سیکڑوں فلسطینی باشندوں نے اسرائیلی سفارتخانے کے باہر مظاہرہ کیا ، اور ہزاروں پرانے جوتوں کا ڈھیر لگادیا۔ امریکی ریاست مشی گن کے شہر ڈیٹرائٹ میں بھی فلسطینیوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف ریلی نکالی ۔

متعلقہ عنوان :