یکطرفہ جنگ بندی کے باوجو اسرائیلی فوج کے تازہ حملے ،1فلسطینی نوجوان شہید ،غزہ کی تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے مزید95لاشیں برآمد ،اکثریت بچوں کی ہے ،اسرائیلی جارحیت کے خلاف دنیا بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری

اتوار 18 جنوری 2009 14:24

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جنوری۔2009ء) اسرائیلی جنگی طیاروں نے یکطرفہ جنگ بندی کے باوجودغزہ پر ایک بار پھر حملہ کیا ہے ،تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔لیکن غزہ اسرائیل سرحد پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔ دوسری طرف غزہ کی تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے مزید پچانوے لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن میں اکثریت بچوں کی ہے ۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق غزہ پر تازہ حملہ اسرائیلی علاقے پر راکٹ حملوں کے فوری جواب میں کیا گیا۔اسرائیلی حکام کے مطابق غزہ سے اسرائیلی علاقے پر چھ راکٹ فائر کئے گئے ۔ دوسری طرف اسرائیلی بمباری سے تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے سے شہریوں کی لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ اورمزید پچانوے فلسطینیوں کی لاشیں نکالی گئیں ہیں ، جن میں بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے ادھرغزہ پر اسرائیلی جارحیت میں سینکڑوں بچوں سمیت تیرہ سو سے زائد فلسطینیوں کی شہادت کے خلاف دنیا بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کے شہروں سڈنی اور میلبرن میں ہزاروں افراد نے اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف سخت احتجاج کیا۔ مظاہرین کا عالمی برادری سے مطالبہ تھا کہ فلسطین کے معاملے پر انصاف کا خون نہ ہونے دیا جائے ۔ ادھر لبنان کے دارلحکومت بیروت میں امریکی سفارتخانے کے قریب غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا۔اس موقع پر مظاہرین کی پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئیں جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے