پاکستان اور برطانیہ کا دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار،پاکستان تیسری دنیا کے ممالک کو حساس ٹیکنالوجی منتقل نہ کرنے اور ایٹمی عدم پھیلاؤ کا سختی سے عزم کئے ہوئے ہے،وزیر دفاع

پیر 19 جنوری 2009 18:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جنوری۔2009) پاکستان اور برطانیہ نے دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور وزیر دفاع چوہدری احمد مختار نے واضح کیا ہے کہ پاکستان تیسری دنیا کے ممالک کو حساس ٹیکنالوجی منتقل نہ کرنے اور ایٹمی عدم پھیلاؤ کا سختی سے عزم کئے ہوئے ہے۔ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے برطانوی وزیر دفاع جان ہٹن نے پیر کو یہاں وزیر دفاع چوہدری احمد مختار سے ملاقات کی اور ان سے دفاعی تعاون بڑھانے، پاکستان کے دہشتگردی کے خلاف اقدامات اور ممبئی دھماکوں کے بعد پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے تجارت معشت اور خاص طور پر دفاع کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مستحکم بنانے کی ضرورت سے اتفاق کیا۔ برطانوی وزیر دفاع نے کہا کہ انکا ملک پاکستان کی دفاعی ضروریات میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔

(جاری ہے)

وزیر دفاع نے معزز مہمان کو دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ دہشتگردی عالمی امن کیلئے خطرہ ہے۔ برطانوی وزیر دفاع نے پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقا ت کے دوران پاک بھارت جاری کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے دوستی کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ممبئی دھماکوں کے حقائق منظر عام پر آئیں پاکستان اپنی تحقیقات سے بھارت کو آگاہ کرے گا۔ وزیر دفاع نے برطانیہ کے اس موقف کو سراہا کہ پاکستان ان حملوں میں ہر گزملوث نہیں۔