ممبئی حملوں کے حوالے سے پاکستان کی پوزیشن اب زیادوہ مضبوط ہے،وزیراعظم گیلانی ، تحقیقات اپنے مفاد میں کررہے ہیں ،کوئی ملوث پایا گیاتوخود کارروائی کرینگے ،کسی کو حوالے نہیں کرینگے ، فلسطین کے معاملے پر دنیاکی دوغلی پالیسی ہے ، تمام فیصلے پارلیمنٹ میں ہی ہوں گے،قومی اسمبلی میں خطاب

پیر 19 جنوری 2009 20:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جنوری۔2009) وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی نے کہاہے کہ ممبئی حملوں کے حوالے سے پاکستان کی پوزیشن اب زیادوہ مضبوط ہے ، ان واقعات کی تحقیقات اپنے مفاد میں کررہے ہیں،پاکستان پر کوئی دباوٴ نہیں ، فلسطین کے معاملے پر دنیاکی دوغلی پالیسی ہے ، پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے اورتمام فیصلے پارلیمنٹ میں ہی ہوں گے ۔

پیر کوقومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی نے کہاکہ آج ثابت ہوگیاہے کہ دنیاپاکستان کی حمایت کررہی ہے ،انہوں نے کہاکہ پاکستان پرامریکہ اوربرطانیہ سمیت کسی ملک کادباوٴ نہیں ،ممبئی حملوں کے واقعات کی تحقیقات اپنے مفاد میں کررہے ہیں اوراگر کسی نے دہشت گردی کی کارروائی کیلئے پاکستان کی سرزمین استعمال کی تو اس سے اپنے ملک کے قوانین مطابق کارروائی کی جائے گی کسی کودوسرے ملک کے حوالے نہیں کیاجائے گا،اپنی سرزمین دہشت گردی کے لئے استعمال نہیں ہونے دیں گے ۔

(جاری ہے)

فلسطین پراسرائیلی جارحیت کے حوالے سے وزیراعظم نے کہاکہ اس حوالے سے دنیا کی دوغلی پالیسی کابیان سب سے پہلے میں نے دیاتھا ہمیں دکھ ہے کہ دنیا کو فلسطین اورکشمیر کے معالمے پر خاموش ہے مگر ممبئی حملوں پر شور کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ فلسطینی ہمارے بھائی ہیں اورہم ان کے امداد کیلئے جوکچھ ممکن ہوسکا کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کیلئے فلسطین تک امداد پہنچانے میں مشکلات درپیش ہیں ۔انہوں نے کہاکہ میں ایوان کویقین دلاتا ہوں کہ تمام فیصلے پارلیمنٹ میں ہوں گے پارلیمنٹ بالادست ادارہ ہے اوریہ جوفیصلہ کرے گی ہم اس کے ساتھ ہوں گے ۔