صنعتی شعبے کو ترقی دینے کیلئے مارک اپ ریٹ کو کم کرنے کی سمری جلد کابینہ میں پیش کردی جائے گی،منظوروٹو،پاکستان جلد گیس کے بحران پرقابو پانے کیلئے ایران سے پائپ لائن منصوبے کا آغاز کرے گا،تقریب سے خطاب

جمعہ 20 فروری 2009 13:28

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20فروری ۔2008ء) وفاقی وزیر صنعت وپیداوارمیاں منظوراحمد وٹو نے کہا ہے کہ صنعتی شعبے کو ترقی دینے کیلئے مارک اپ ریٹ کو کم کرنے کی سمری جلد کابینہ میں پیش کردی جائے گی وہ ایوان صنعت وتجارت سیالکوٹ میں برآمدکنندگان کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے میاں منظوروٹو نے کہا کہ موجودہ حکومت کو صنعتوں بارے مسائل ورثہ میں ملے ہیں مگر ہم سابقہ حکومت پرتنقید نہیں کریں گے بلکہ انڈسٹری کی ترقی میں جو سپیڈ بریکر حائل ہیں ترجیحی بنیادوں پر خاتمہ کیاجائیگا انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کے آٹھ سالوں میں ملک کے کسی حصے میں بھی ایک میگاواٹ کا پیداواری یونٹ نہیں لگا اب ہم پانی بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے دسمبر2009ء تک4000میگاواٹ کے پاور پلانٹ لگارہے ہیں جس سے دسمبر تک ملک سے لوڈشیڈنگ کامکمل خاتمہ ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ دنیا کے جن ممالک میں گیس پیدا ہوتی ہے وہاں پر سی این جی اسٹیشن نہیں مگر ہمارے ہاں غلط پالیسیوں سے الٹ ہے یہاں پر چولہاجلانے کیلئے تو گیس نہ ہے جبکہ سی این جی اسٹیشن کی بھر مار ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان جلد گیس کے بحران پرقابو پانے کیلئے ایران سے پائپ لائن منصوبے کا آغاز کرے گا اس میں بھارت کی پارٹر شپ کی ہمیں کوئی ضرورت نہیں میاں منظور وٹو نے کہا کہ حکومت برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کریگی انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی پارلیمنٹ طاقتور ہے اب وہ فیصلے ہورہے ہیں جو پارلیمنٹ کرتی ہے اس پر عملدرآمد ہوجاتا ہے انہوں نے سوات میں مذاکرات اور اس کے بعد امن کو ملک کیلئے خوش آئند قراردیا انہوں نے کہا کہ سیاسی لوگ ملک میں ڈیڈ لاک پیدا نہیں کرتے بلکہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کوحل کرنے کی کوشش کرتے ہیں سوات جو امن وامان نہ ہونے کی وجہ سے سورش زدہ علاقہ تھا مگر اب حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے وہ جلد امن کاگہوارہ بن جائے گا اور سوات سمیت فاٹا کے تمام علاقوں میں امن قائم ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ ملک کو جو مسائل درپیش ہیں ان سے چھٹکارا اکیلے حکومت حاصل نہیں کرسکتی بلکہ عوام کو بھی ساتھ دینا ہوتا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن2008ء شفاف تھے اورایمانداری سے کروائے گئے جن پرہارنے والے بھی اعتراض نہیں کرتے دریں اثناء صدرچیمبر حسن علی بھٹی نے سپاسنامہ پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :