آئی سی سی کا پاکستان سے امتیازی سلوک،پاک سری لنکا سیریز پر تبصرہ جاری کرنے سے گریز

ہفتہ 21 فروری 2009 18:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21فروری۔2009ء) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل پاکستان کو کتنی اہمیت دیتا ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دنیا میں کھیلی جانے والی دیگر ملکوں کی سیریز سے کئی روز قبل بعض اوقات ہفتوں قبل ان ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی سابقہ سیریزوں کے بارے میں تجزیہ اوردیگر اعدادو شمار آئی سی کی جانب سے جا ری کیے جاتے ہیں لیکن پاکستانی گراؤنڈز پر ہونے والی تازہ پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز سے کئی روز قبل اس بارے میں تجزیہ جاری نہ کیا جا سکا تو ایک پاکستانی کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ای میل کی گئی جس میں استفسار کیا گیا کہ کیا وجہ ہے کہ اب تک پاکستان سری لنکا ٹیسٹ مقابلوں کے اعداد شمار جاری نہیں کیے ۔

اس ای میل کے جواب میں آئی سی سی نے اس وقت پاکستان سری لنکا سیریز کے اعداد شمار جاری کیے جب کراچی میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ شروع ہو چکا تھا ۔

(جاری ہے)

دلچسپ بات یہ ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے گزشتہ روز جاری کی گئی میڈیا ریلیز میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے جوہانسبرگ ٹیسٹ میچ کے بھی اعداد و شمار دیے گئے ہیں اور یہ میچ کئی روز بعد 26فروری کو جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں کھیلا جانا ہے اس سے آئی سی سی کا دوہرا معیار ثابت ہوتا ہے کہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل جتنی اہمیت اپنے دوسرے رکن ممالک کو دیتا ہے نہ جانے کیوں اتنی توجہ پاکستان کو اس قدر توجہ کا مستحق نہیں سمجھا جا رہا اورپاکستان سے امتیازی سلوک روز رکھا جا رہا ہے ۔

اس کے علاوہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل دوسری ٹیموں کی سیریز وں کے دیگر بہت سی چیزوں سے دنیا بھر کو اپنی ای میلز میں آگاہ کر رہا ہے اور خصوصاً ان دنوں جنوبی افریقہ ، آسٹریلیا سیریز کو شہ سرخیوں میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اس سیریز کی ایک ، ایک بات سے دنیا بھر کو آگاہ رکھا جا رہا ہے جبکہ پاکستان کے سلسلے میں امتیازی سلوک نمایاں طور پر محسوس کیا جا سکتا ہے ۔