گھریلوصارفین کو گیس بلوں میں سبسڈی دیجائے،اکا ؤنٹس کمیٹی کی ہدایت ، قومی اسمبلی کا اجلاس جلد طلب نہ کئے جانے کی صورت میں اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کروائیں گے  چوہدری نثار

پیر 23 فروری 2009 18:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23فروری۔2009ء) قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے وزارت پیٹرولیم کو ہدایت کی ہے کہ گھریلو صارفین کو گیس بلوں کی مد میں سبسڈی دی جائے اور صارفین پر بوجھ کم کیا جائے۔ پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین چوہدری نثار کی زیر صدارت ہوا جس میں انہوں نے گیس کمپنیوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ۔

چوہدری نثار نے کہاکہ عوام کو معلوم بھی نہیں ہے اور ان کی جیب پر ڈکیتی ماری جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام اووربلنگ کے ذریعے دوسرے لوگوں کا خرچ اٹھارہی ہیوزارت پیٹرولیم کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ گیس کی قیمتوں میں سات فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ایم ڈی پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ یکم جولائی سے اب گیس کی قیمتوں میں پانچ سے سو فیصد اضافہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان وزارت پیٹرولیم نے بتایا کہ صنعتوں کو تینتیس ارب روپے کی دی جانے والی سبسڈی گھریلو صارفین سے وصول کی جارہی ہے۔جس پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے کہا کہ گیس پائپ لائن پر دھماکوں سے پہچنے والا نقصان حکوموت خود برداشت کرے اور سبسڈی گھریلو صارفین سے وصول نہ کی جائے۔ دریں اثناء اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ حکومت کی طرف سے قومی اسمبلی کا اجلاس جلد طلب نہ کئے جانے کی صورت میں مسلم لیگ ن اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کروائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ حکمران پارلے منٹ کا سامنا کرنے سے گریزاں ہیں،قومی اسمبلی کا اجلاس16 فروری کو ہونا تھا مگر پارلے مانی کلینڈر کی دھجیاں بکھیر دی گئی ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے اب تک منعقدہ 10اجلاسوں میں سے7 کے انعقاد میں پارلے مانی کلینڈر کی خلاف ورزی کی گئی۔موجودہ حکومت پہلی حکومت ہے جو اپنے ہی مرتب کردہ پارلے مانی کلینڈر کی خلاف ورزی کر رہی ہے ۔چوہدری نثار نے کہا کہ جس حکومت کے پاوٴں نہ ہوں وہ پارلے منٹ سے دور بھاگتی ہے