پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز تیسرے دن کا کھیل ختم  پاکستان نے تین وکٹ کے نقصان پر 296رنز بنالئے،پاکستانی ٹیم کو فالوآن سے بچنے کیلئے 149 رنز درکار  سات وکٹیں باقی

پیر 23 فروری 2009 19:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23فروری۔2009ء) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر کپتان یونس خان کی شاندار سنچری کی مدد سے پاکستان نے سری لنکا کے خلاف تین وکٹ کے نقصان پر 296رنز بنا لیے۔جب تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو یونس خان نے149 جبکہ مصباح الحق نے 20 رنز بنائے تھے۔ پاکستانی ٹیم کو فالوآن سے بچنے کیلئے اب بھی149 رنز درکار ہیں اور اس کی سات وکٹیں باقی ہیں یونس خان نے اپنی سنچری 195 گیندوں پر گیارہ چوکوں کی مدد سے مکمل کی۔

یہ59 ٹیسٹ میچوں میں ان کی سوہلویں اور سری لنکا کے خلاف چوتھی سنچری ہے۔ یونس نے اپنی آخری دس ٹیسٹ اننگز میں چار سنچریاں سکور کی ہیں۔ تیسرے دن آوٴٹ ہونے والے پاکستانی کھلاڑیوں میں سابق کپتان شعیب ملک نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد رن آوٴٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے 56رن بنائے اس سے قبل اوپنر خرم منظور ستائیس کے انفرادی سکور پر اجنتھا مینڈس کا شکار بنے۔

سری لنکا نے کراچی ٹیسٹ میں اپنی پہلی اننگز میں کپتان مہیلا جے ودرھنے اور سماراویرا کی ڈبل سنچریوں اور چوتھی وکٹ کی ریکارڈ شراکت کی وجہ سے چھ سو چوالیس رنز بنائے تھے۔ مہیلا جے وردھنے اور سمارا ویرا نے نہ صرف ڈبل سنچریاں مکمل کیں بلکہ ٹیسٹ کرکٹ میں چوتھی وکٹ کی شراکت کا اکیاون سال پرانا عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔جے وردھنے اور سماراویرا کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے چار سو سینتیس رنز کی شراکت ہوئی۔ اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ میں چوتھی وکٹ کی شراکت کا عالمی ریکارڈ 411 رنز کا تھا جو انگلینڈ کے پیٹر مے اور کالن کاوٴڈرے نے 1957ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ایجبسٹن میں بنایا تھا۔