رحمن ملک سے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے نائب صدر کی اعلی سطحی وفد کے ہمراہ ملاقات ،دونوں رہنماؤں کا پاکستان چین دوستی اور تعاون مستقبل میں مزید مضبوط ، پائیدار اورمستحکم کرنے کا عزم

پیر 23 فروری 2009 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23فروری۔2009ء) وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ اے رحمن ملک سے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے نائب صدر لوہنگوئی نے ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ وزارت داخلہ میں ملاقات کی ، ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر ، وزیر مملکت برائے داخلہ تسنیم قریشی اور وفاقی سیکرٹری داخلہ موجود تھے ، ملاقات انتہائی خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات زیر بحث آئے ، مشیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے جو وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے ، چین پاکستان کا قابل اعتماد دوست ہے ، دونوں ممالک مختلف شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کررہے ہیں ، پاکستان اس دوستی اور تعاون کو مستقبل میں مزید مضبوط ، پائیدار اورمستحکم کرنے کا عزم رکھتا ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ، قبل ازیں چین کی کمیونسٹ پارٹی کے نائب صدر اورنائب وزیر برائے بیرونی تعلقات لوہنگوئی نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے خصوصی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، دونوں ممالک ایک دوسرے سے مختلف شعبوں میں بھرپور تعاون کررہے ہیں ، چین پاکستان کی ترقی وخوشحالی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اوراس سلسلہ میں اپنا بھرپور کردار اداکرتا رہے گا ۔

متعلقہ عنوان :