میاں شہباز شریف آئینی وزیر اعلیٰ ہیں ‘پی سی او زدہ عدلیہ کے فیصلوں کو نہیں مانتے ‘ سینیٹر پرویز رشید ،(ن) لیگ اصولوں کیلئے بڑی قربانی دینے کیلئے تیار ہے‘ عوام شریف برادران کی نااہلی کے فیصلے کو نہیں مانتی ‘صحافیوں سے گفتگو

بدھ 25 فروری 2009 15:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25فروری۔2009ء) مسلم لیگ (ن) کے راہنما و سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ میاں شہباز شریف آہنی وزیر اعلیٰ ہیں ‘پی سی او زدہ عدلیہ کے فیصلوں کو نہیں مانتے ‘ مسلم لیگ (ن) اصولوں کیلئے بڑی سے بڑی قربانی دینے کیلئے تیار ہے‘شریف برادران کی نااہلیت کے فیصلے سے عدلیہ کی جانبرداری کھل کر سامنے آگئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

پرویز رشید نے کہا کہ موجودہ عدلیہ کے فیصلوں کو نہ تو ماضی میں عوام نے مانا اور نہ ہی شریف برادران کی نااہلی کے فیصلے کو مانے گی کیونکہ عدلیہ نے ہمیشہ ہی اہم فیصلوں میں نظریہ ضرورت کے بھوت کو زندہ رکھا۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے اپنی بات کو سچ ثابت کو دکھایا کہ عوام کیلئے بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ عدلیہ کا کردار ہمیشہ وطن دشمن رہا ہے اس عدلیہ نے 60سالوں میں جب بھی آمر آیا اس کے غیر آئینی اقدامات کو تحفظ دیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عوام کو انصاف دلانے کا وعدہ کیا ہے تاکہ ملک بے امنی اور انتشار سے بچ سکے کیونکہ ملک کے ایک حصے میں لوگ انصاف کیلئے بندوق اٹھا کر کھڑے ہوئے اور اس کے بعد ان کو انصاف دیا گیا ہم اس روایت کو فروغ نہیں دینا چاہتے کیونکہ ہم جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔