نااہلی کا فیصلہ دینے والے جعلی جج ہیں،صدر زرداری نے چالاکی کے ساتھ دھوکہ دیا ہے،نواز شریف،ن لیگ کا صد زرداری سے مزید رابطہ نہ رکھنے کافیصلہ،نااہلی کے فیصلے کیخلاف پنجاب بھر میں مکمل شٹر ڈاوٴن

جمعرات 26 فروری 2009 15:18

لاہور/شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری۔2009ء) میاں نوازشریف نے نااہلی کا فیصلہ دینے والے ججز کو جعلی جج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا فیصلہ قوم نہیں مانتی۔ شیخوپورہ میں جلسہ عام سے خطاب میں‌انہوں نے کہا کہ وہ بے نظیربھٹو کی پیپلزپارٹی کو نہیں آصف زرداری کو ذمہ دار سمجھتے ہیں۔نوازشریف نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے انہیں چالاکی سے دھوکہ دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام نااہلی کا فیصلہ نہیں مانتے ۔ نوازشریف نے کہا کہ انہوں نے شہبازشریف سے کہا ہے کہ وہی وزیراعلٰی ہیں اور اسمبلی میں جاکر بیٹھیں۔ گورنر راج کا فیصلہ جعلی ہے ۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری نے وعدوں پر عمل نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بے نظیربھٹو کی پیپلزپارٹی کو ذمہ دار نہیں سمجھتا اس کا ذمہ دار صرف آصف زرداری ہے ۔

(جاری ہے)

شہبازشریف ابھی تک پنجاب کے وزیراعلیٰ ہیں۔ نوازشریف نے کہا کہ آج محترمہ بے نظیر بھٹو ہوتیں تو شاید ایسا نہیں ہوتا۔ کسی بے نظیر بھٹو کا پوسٹر پھاڑا ہے تو غلط کیا ہے ۔ بے نظیر بھٹو میری بہن تھیں۔آصف زرداری نے ان کی سیاسی وصیت پر عمل نہیں کیا۔ قبل ازیں میاں نواز شریف کی صدارت میں ہونے والے مسلم لیگ ن کے اہم مشاورتی اجلاس میں قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن جمع کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ صدر آصف علی زرداری سے مزید کوئی رابطہ نہ رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے ۔

رائیونڈ جاتی عمرہ فارم میں ہونے والے اجلاس میں میاں نواز شریف کے علاوہ شہباز شریف ، راجہ ظفر الحق ، اقبال ظفر جھگڑا ، چوہدری نثار احمد ، جاوید ہاشمی ، احسن اقبال ، خواجہ سعد رفیق اور سردار زوالفقار کھوسہ سمیت اہم رہنماوں نے شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گورنر راج کا نفاز اٹھارہ فروری کو ملنے والے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے جس کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کے ساتھ کسی بھی سطح پر مزید کوئی بات چیت نہیں کی جائے گی ۔ اجلاس میں شریف برادران کی نااہلی اور پنجاب میں گورنر راج کے خلاف بھرپور احتجاج کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب نواز شریف اور شہباز شریف کو نااہل قراد دینے کے خلاف مرکزی انجمن تاجران کی اپیل پر لاہور میں مکمل شٹر ڈاؤن کیا گیا۔اور شاہ عالم، اکبری منڈی ، برانڈ رتھ روڈ، انارکلی ،ہال روڈ، مال روڈ ، لبرٹی مارکیٹ، شادمان سمیت تمام چھوٹی اور بڑی مارکیٹس ، تجارتی مراکز مکمل طور پر بند رہے ۔

شریف برادران کو ناہل قرار دینے اور گورنر راج کے خلاف مارکیٹس میں احتجاجی بینرز بھی آویزاں کئے گئے تھے جن پر شریف برادران کی حمایت میں نعرے درج تھے ،پنجاب کے دیگر شہروں فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال ، ڈیرہ غازیخان، سرگودھا ، میانوالی ، گجرات میں بھی مکمل ہڑتال رہی اور تمام کاروباری مراکز بند رہے ۔