مسلم لیگ ن کا6مارچ کو ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ،معزول ججز کی بحالی کی جدوجہد پنجاب حکومت کے خاتمے کا سبب بنی، شہباز شریف

ہفتہ 28 فروری 2009 18:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28فروری۔2009ء) مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ معزول ججز کی بحالی کی جدوجہد پنجاب حکومت کے خاتمے کا سبب بنی، پر امن احتجاج کو ملک کے طول و عرض میں پھیلادیا جائے گا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب میں گورنر راج عوامی مینڈیٹ کے منہ پر طمانچہ ہے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ انھیں اور نواز شریف کو عہدے اور منصب نہیں چاہئیں،صرف معزول ججز کو بحال کردیا جائے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ضمیر کا سودا کرنے والے ججز عوام کو انصاف فراہم نہیں کرسکتے ، اور بقول ان کے کہ ۔وقت آئے گا جب سولہ کروڑ عوام کا ہاتھ ہوگا اور پی سی او ججز کا گریبان ہوگا۔ اس سے قبل مسلم لیگ ن نے چھ مارچ کو ملک گیر ہڑتال اور بڑے شہروں میں جلسے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نوازشریف کی صدارت میں مسلم لیگ ن کے رہنماوٴں کا اجلاس رائے ونڈ میں ہوا جس میں احتجاجی تحریک پر غور کیا گیا اور لاہور کو بیس کیمپ بنانے کا فیصلہ کیاگیا۔ زرائع کے مطابق میاں نواز شریف نو مارچ کو ناروال اور تین مارچ کو کراچی میں مزارقائد پر جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔زرائع کے مطابق تحصیل کی سطح پر بھوک ہڑتالی کیمپ لگائے جائیں گے ۔