اگر نوازشریف کی جانب سے سول نافرمانی کی اپیل قائد اعظم کے فرمان کے مطابق ہے تو کیا انہوں نے پنجاب کی آزادی کی تحریک کا بگل بجادیا ہے؟طارق جاوید

ہفتہ 28 فروری 2009 18:49

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27فروری ۔2008ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن طارق جاویدنے قائد تحریک الطاف حسین کے بیان پر مسلم لیگ (ن) کے ترجمان کے ردعمل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا مسلم لیگ کے ردعمل کویہ سمجھ لیا جائے کہ وہ پنجاب کی آزادی کی تحریک کا بگل بجارہی ہے ۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں طارق جاویدنے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین کے بیان پر مسلم لیگ(ن) کے ترجمان کے ردعمل میں کہا گیا ہے کہ قائد اعظم نے بھی سرکاری افسران کو حکومت سے تعاون نہ کرنے کی اپیل کی تھی ۔

انہوں نے کہاکہ جب قائد اعظم نے سول نافرمانی کی اپیل کی تھی اس وقت پاکستان کی آزادی کی تحریک چل رہی تھی اور اس تحریک کے نتیجہ میں پاکستان وجود میں آیا تھا۔انہوں نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین کے بیان پرمسلم لیگ (ن) کے ردعمل کو سامنے رکھ کر کیا یہ سمجھا جائے کہ پاکستان کی آزادی کی تحریک کی طرح اب میاں نواز شریف صاحب نے سول نافرمانی کی اپیل کرکے پنجاب کی آزادی کابگل بجادیا ہے ؟