سری لنکن ٹیم کا دورہ پاکستان ختم،ٹیم چینوک ہیلی کاپٹرز پر ائیرپورٹ پہنچا دی گئی،یہ ممبئی طرز کا دہشتگردی کا واقعہ ہے،گورنر پنجاب سلمان تاثیر

منگل 3 مارچ 2009 10:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3مارچ۔2009ء) لاہور لبرٹی مارکیٹ میں دہشتگردی کے بدترین واقعہ کے بعد سری لنکن ٹیم نے سرکاری طور پر اپنا دورہ پاکستان ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور ٹیم کو ائیرپورٹ پہنچا دیا گیا ہے جہاں سے وہ بذریعہ کراچی یا دبئی کے راستے سری لنکا روانہ ہو جائیں گے ۔

(جاری ہے)

نمائندہ اُردو پوائنٹ اعجاز وسیم باکھری کے مطابق لبرٹی مارکیٹ میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد سری لنکن ٹیم نے اپنا دورہ پاکستان ختم کر دیا ہے جبکہ ٹیم کو وطن روانہ کرنے کیلئے چینوک ہیلی کاپٹر قذافی سٹیڈیم میں آیا جس پر تمام کھلاڑیوں کو بٹھا پر ائیرپورٹ پہنچا دیا گیا ہے2زخمی کھلاڑی سنگاکارا اور سماراویرا جنہیں علاج کیلئے ہسپتال لے جایا گیا تھا انہیں بھی ہیلی کاپٹر کے ذریعے ائیرپورٹ پہنچایا جا رہا ہے جہاں ڈھائی بجے کی فلائٹ سے انہیں وطن واپس روانہ کر دیا جائے گا۔

گورنر پنجاب نے جائے حادثہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ممبئی طرزکا دہشتگردی کا واقعہ ہے اور فائرنگ کرنے والے عام آدمی نہیں تھے وہ باقاعدہ طور پر تربیت یافتہ تھے اور یہ سری لنکن ٹیم پر حملہ تھا۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ تمام علاقہ کو پولیس نے گھیرے میں لے لیا ہے اور دہشتگردوں کو یہ تو گرفتار کیا جائے گا یہ پھر قتل کیا جائے گا۔