وزیراعظم گیلانی سے مولانا فضل الرحمن کی ملاقات

منگل 3 مارچ 2009 20:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3مارچ ۔2009ء) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ وہ قومی اہمیت کے تمام اہم معاملات پر وسیع تر اتفاق رائے کے حصول کیلئے مفاہمت کی اپنی کوششوں کو جاری رکھیں گے، ملک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے قومی زندگی کی ہر سطح پر یکجہتی اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن سے وزیراعظم ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجوں سے موثر انداز میں نبرد آزما ہونے کیلئے اس وقت قومی یکجہتی کی جتنی ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ پنجاب میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد پیدا شدہ صورتحال میں دو بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات دور کرنے کیلئے مولانا فضل الرحمن کی رضا کارانہ کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی قیادت کو ملک کو موجودہ بحران سے باہر نکالنے کیلئے توقعات پر پورا اترنا چاہئے۔ مولانا فضل الرحمن نے صورتحال میں تناؤ کو کم کرنے کیلئے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا۔