شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے، توقیر فاطمہ بھٹو

منگل 31 مارچ 2009 19:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ ۔2009ء) سندھ کی وزیر ترقی نسواں توقیر فاطمہ بھٹو نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 30 ویں برسی کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ وہ پیپلز پارٹی ویمن ونگ لاڑکانہ ڈویژن کے اجلاس کی صدارت کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر ان کے لاتعداد چاہنے والوں کو سہولیات پہنچانے کے لئے مزار پر خواتین کو مختلف ذمہ داریاں سونپی ہیں تاکہ شرکاء کو کسی بھی قسم کی تکلیف نہ ہو۔

(جاری ہے)

توقیر فاطمہ بھٹو نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی نہایت عقیدت واحترام سے منائی جائے گی اس موقع پر ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے شہید قائد کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیں۔ صوبائی وزیر اور خواتین ڈویژن لاڑکانہ کی صدر توقیر فاطمہ بھٹو نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہمیشہ خواتین کی فلاح وبہبود پر زور دیتے ہوئے ان کو پالیسی سازی میں بھرپور نمائندگی فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت صدر پاکستان اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ہدایات اور رہنمائی میں شہید قائد کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

متعلقہ عنوان :