گیس رائلٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے، وزیراعلی بلوچستان اسلم رئیسانی

جمعرات 2 اپریل 2009 19:51

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اپریل ۔2009ء) بلوچستان اسمبلی کا اجلاس چار اپریل تک ملتوی کردیا گیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے گیس کی رائلٹی پچیس روپے سے بڑھا کر ایک سو سڑسٹھ روپے فی مکعب فٹ کردی۔ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسلم بھوتانی کی صدارت میں ہوا۔ مختصر کارروائی میں ایوان نے طلباء کے وظائف بڑھانے اور خاران سمیت دیگر علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کی قرار دادیں نمٹادیں۔

اسپیکر کا کہنا تھا کہ یہ معاملات صوبائی کابینہ کے اجلاس میں حل کرلئے جائیں گے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی نے کہا کہ اسٹیل مل اور مختلف علاقوں میں قائم سیمنٹ کے کارخانوں میں بلوچستان کا کوئلہ استعمال کرنے کے لئے وفاقی حکومت کو درخواست دے دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے نہ صرف بلوچستان میں روزگار میسر آئے گا بلکہ سرمایہ کاری کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی۔

نواب اسلم رئیسانی نے کہا کہ وفاق نے بلوچستان کا موقف تسلیم کرتے ہوئے گیس کی رائلٹی میں اضافہ کردیا ہے پارلیمانی کمیٹی جلد اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے اہلکار جان سولیکی کی بازیابی کے لئے یو این ایچ سی آر کے وفد سے معلومات کا تبادلہ ہو اہے۔ اس سلسلے میں حکومتی کوششیں جلد بار آور ثابت ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں قوم پرستوں سے بات چیت جاری رہے گی۔ لاپتہ افراد کی بازیابی کے حوالے سے دوسو بیاسی افراد کی نشاندہی ہوچکی ہے۔ جو سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں منتقل ہوگئے ہیں۔