صنم کو مگر مچھوں کی حرکتوں کا شکار نہ بنے ، گھریلو معاملات میڈیا میں لاکر بھٹو خاندان کو بدنام کرنے کی سازش ہے، ممتاز بھٹو

جمعہ 17 اپریل 2009 19:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل ۔2009ء) سندھ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نواب ممتاز علی خان بھٹو نے ایک بیان کے ذریعے صنم بھٹو کو ہدایت کی ہے کہ بھٹو کے نام میں جینے والے مگر مچھوں کی حرکتوں کا شکار نہ بنے کیونکہ زرداری اس کو استعمال کرکے بھٹو خاندان کو مزید نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ گھریلو معاملات میڈیا میں لاکر خاندان کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔

زمین کے تنازعات آپس میں مل بیٹھ کر حل ہوسکتے ہیں۔ عدالتوں اور انتظامیہ سے کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا۔ ممتاز علی بھٹو نے مزید کہا کہ بے نظیر بھٹو کی تدفین کے وقت ہی میں نے صنم بھٹو کو یہ ہدایت کی تھی کہ وہ لندن کو چھوڑ کر یہاں آئے اور اپنی جائیداد کو خود سنبھالے اور مذاکرات کے ذریعے آپس کے تنازعات کو حل کرے لیکن وہ نہ مانی جس کی وجہ سے اب یہ معاملہ مزید کشیدگی پیدا ہوئی ہے اور میڈیا میں بھٹو خاندان کے معاملات کو اچھال کر ایک نیا تماشہ بنادیا ہے۔

(جاری ہے)

ممتاز علی بھٹو نے مزید کہا کہ 13 ماہ پوری دنیا میں بھٹکنے کے بعد جاپان سے ایک ملین ڈالر کی خیرات ملنے پر خوش ہونے کے بجائے حکمرانوں کو شرمندہ ہونا چاہیے۔ ملک کے اندر جو مفاہمتی سیاست کے نتیجے میں وزراء کے لشکر سرکاری خزانے پر پل رہے ہیں جو نقصان کے سواء کچھ نہیں کرتے ان سب کو گھر بھیج کر خیرات میں ملنے والی رقوم سے کئی گنا زیادہ رقم بچائی جاسکتی ہے۔

ممتاز علی بھٹو نے مزید کہا کہ حیرت کی بات تو یہ ہے کہ جب نوجوان بھوک کے مارے خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں اور بازار میں مائیں اپنے شیر خوار بچوں کو فروخت کرکے آٹا خریدنے پر مجبور ہیں تو اس وقت سندھ اسمبلی کے وزراء اور ممبران کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا اسمبلی میں فیصلہ عوام کے منہ پر زور دار تمانچہ ہے۔ میری کی گئی پیشن گوئیوں کی اب تصدیق ہورہی ہے کہ حکمرانوں نے روٹی‘ کپڑا اور مکان کا وعدہ خوب پورا کیا ہے لیکن عوام کے لئے نہیں صرف اپنے لئے اس دور حکومت میں جو تماشہ ہورہا ہے وہ ضرور گینز بک آف ریکارڈ میں درج ہوگا اور اس پر پوری دنیا ہنسے گی ۔

متعلقہ عنوان :