کراچی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی‘ سرمایہ کاری مالیت میں 27 ارب 91 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ

جمعہ 17 اپریل 2009 19:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل ۔2009ء) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں تین روزہ مندی کے بعد کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو شدید اتار چڑھاؤ کے بعد تیزی‘ کے ایس ای 100 انڈیکس 7700 کی نفسیاتی حد عبور کرگیا‘ سرمایہ کاری مالیت میں 27 ارب 91 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ‘ کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 23.12 فیصد کم جبکہ 56.62 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا‘ ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 7600 کی نفسیاتی حد سے بھی گر گیا‘ تاہم بعد ازاں فرینڈز آف پاکستان کے اجلاس میں 5.28 ارب ڈالرکی امداد کے وعدے اور حکومتی مالیاتی اداروں کی جانب سے بینکنگ سیکٹر‘ آئل سیکٹر اور سیمنٹ سیکٹر میں خریداری کے باعث مندی تیزی میں بدل گئی اور ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 7900 کی نفسیاتی حد بھی عبور کرگیا‘ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 124.87 پوائنٹس اضافے سے 7794.95 پوائنٹس پر بند ہوا۔

(جاری ہے)

مجموعی طور پر 302 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا‘ جن میں سے 171 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ، 115 میں کمی جبکہ 16 کے بھاؤ میں استحکام رہا‘ سرمایہ کاری مالیت میں 27 ارب 91 کروڑ 89 لاکھ 73 ہزار 588 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی کل مالیت 22 کھرب 95 ارب 23 کروڑ 84 لاکھ96 ہزار 862 روپے سے بڑھ کر 23 کھرب 23 ارب 15 کروڑ 74 لاکھ 70 ہزار 450 روپے ہوگئی۔

مجموعی طور پر کاروباری حجم 25 کروڑ 93 لاکھ 64 ہزار 780 شیئرز رہا جو جمعرات کے مقابلے میں 7 کروڑ 79 لاکھ 88 ہزار 640 شیئرز کم ہے‘ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے باٹا پاک کے حصص سرفہرست رہے‘ جس کے حصص کی قیمت 40.73 روپے اضافے سے 855.73 روپے اور سیمنز پاک کے حصص کی قیمت 35 روپے اضافے سے 750 روپے پر بند ہوئی ۔ نمایاں کمی لیکسن ٹوبیکو کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت 12.34 روپے کمی سے 234.57 روپے جبکہ ای ایف یو لائف انشورنس اسپاٹ کے حصص کی قیمت 7.61 روپے کمی سے 152 روپے پر بند ہوئی۔

جمعہ کو جہانگیر صدیقی اینڈ کو کی سرگرمیاں 2 کروڑ 38 لاکھ 25 ہزار 400 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہی جس کے شیئرز کی قیمت 1.46 روپے اضافے سے 43.73 روپے جبکہ نیشنل بینک کی سرگرمیاں 1 کروڑ 62 لاکھ 73 ہزار 800 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی جس کے شیئرز کی قیمت 2.88 روپے اضافے سے 84.26 روپے پر بند ہوئی۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 144.73 پوائنٹس اضافے سے 8540.16 پوائنٹس پر بند ہوا۔