کراچی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی،سرمایہ کاری مالیت میں 31 ارب روپے سے زائد کا اضافہ

پیر 20 اپریل 2009 19:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اپریل ۔2009ء) شرح سود میں کمی کی اطلاعات کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو زبردست تیزی اور کے ایس ای 100 انڈیکس بیک وقت 7800 اور 7900 کی نفسیاتی حد عبور کرگیا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 31 ارب 88 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ، کاروباری حجم جمعہ کی نسبت 2.50 فیصد کم جبکہ 64.84 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود میں کمی کی اطلاعات پر سرمایہ کار اور مالیاتی ادارے بینکنگ سیکٹر‘ ٹیلی کام سیکٹر میں سرگرم نظر آئے جس کے باعث مذکورہ سیکٹر کے حصص اپر سرکٹ پر بند ہوئے۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 107.53 پوائنٹس اضافے سے 7902.48 پوائنٹس پر بند ہوا۔

(جاری ہے)

مجموعی طور 352 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 200 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ، 134 میں کمی اور 18 کے بھاؤ میں استحکام رہا۔

سرمایہ کاری مالیت میں 31 ارب 88 کروڑ 91 لاکھ 79 ہزار 651 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا جبکہ سرمایہ کاری کی کل مالیت23 کھرب 23ارب 15 کروڑ 74 لاکھ 70ہزار 450 روپے سے بڑھ کر 23 کھرب 55 ارب 4 کروڑ 66 لاکھ 50 ہزار 101 روپے ہوگئی۔ مجموعی طور پر کاروباری حجم 25 کروڑ 28 لاکھ 80 ہزار 520 شیئرز رہا جو جمعہ کے مقابلے میں 64 لاکھ 84 ہزار 260 شیئرز کم ہے۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے لحاظ سے یونی لیور پاک کے حصص سرفہرست رہے۔

جس کے حصص کی قیمت 27.50 روپے اضافے سے 1850 روپے اور ملت ٹریکٹر کے حصص کی قیمت 10.64 روپے اضافے سے 236.89 روپے پر بند ہوئی۔ نمایاں کمی باٹا پاک کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت 25.73 روپے کمی سے 830 روپے جبکہ سیمنز پاک کے حصص کی قیمت 24 روپے کمی سے 726 روپے پر بند ہوئی۔ جہانگیر صدیق اینڈ کو کی سرگرمیاں 2کروڑ 15 لاکھ 95 ہزار شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہی جس کے شیئرزکی قیمت 65 پیسے کمی سے 42.38 روپے جبکہ این آئی بی بینک کی سرگرمیاں 1 کروڑ 78 لاکھ 45 ہزار 500 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی جس کے شیئرز کی قیمت 46 پیسے اضافے سے 6.69 روپے پر بند ہوئی۔

پیر کو کے ایس ای 30 انڈیکس 162 پوائنٹس اضافے سے 8702.16 پوائنٹس پر بند ہوا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں کے ایس ای 100 انڈیکس 8000 پوائنٹس کی حد عبور کرسکتا ہے۔