کراچی اسٹاک ایکسچینج میں مندی، سرمایہ کاروں کے 16 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے

منگل 21 اپریل 2009 18:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اپریل ۔2009ء) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو شدید اتار چڑھاؤ کے بعد مندی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 7900 کی نفسیاتی حد سے گر گیا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 16 ارب 39 کروڑ روپے سے زائد کی کمی‘ کاروباری حجم پیر کی نسبت 26.67 فیصد زائدجبکہ 78.75 فیصد حصص کی قیمتو ں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود میں ایک فیصد کمی کے باعث سرمایہ کار سرگرم نظر آئے ۔ ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 8000 کی نفسیاتی حد بھی عبور کرگیا بعد ازاں پرافٹ اینڈ ٹیکنگ ،تیکنکی درستگی،فروخت کے دباؤاور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمائے کے انخلاء کے باعث مارکیٹ تیزی سے مندی میں بدل گئی۔

(جاری ہے)

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 68.34 فیصد کمی سے 7834.14 پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 355 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 152 میں اضافہ، 193 میں کمی جبکہ 10 کے بھاؤ میں استحکام رہا‘ سرمایہ کاری مالیت میں 16 ارب 39 کروڑ 16 لاکھ 3 ہزار 703 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی کل مالیت 23 کھرب 55 ارب 46 کروڑ 65 لاکھ 101 روپے سے گھٹ کر 23 کھرب 38 ارب 65 کروڑ 50 لاکھ 46 ہزار 398 روپے ہوگئی۔

مجموعی طور پر کاروباری حجم 32 کروڑ 3 لاکھ 31ہزار 280 شیئرز رہا جو پیر کے مقابلے میں 7 کروڑ 74 لاکھ 50 ہزار 760 روپے زائد ہے۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے یونی لیور پاک کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 76.25 روپے اضافے سے 1926.25 روپے اور سیمنز پاک کے حصص کی قیمت 24 روپے اضافے سے 750.00 روپے پر بند ہوئی۔ نمایاں کمی نیسلے پاکستان کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت 53.00 روپے کمی سے 1040 روپے جبکہ وائتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 10 روپے کمی سے 1380 روپے پر بند ہوئی۔

پیر کو بینک الفلاح کی سرگرمیاں 3 کروڑ 36 لاکھ 70 ہزار 200 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہی جس کے شیئرز کی قیمت 17 پیسے کمی سے 14.60 روپے جبکہ فوجی سیمنٹ کی سرگرمیاں 2 کروڑ 94 لاکھ 500 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی جس کے شیئرز کی قیمت 60 پیسے اضافے سے 7.50 روپے پر بند ہوئی۔ منگل کو کے ایس ای 30 انڈیکس 101.85 پوائنٹس کمی سے 8600.31 پوائنٹس پر بند ہوا۔