معیاری تعلیم کا فروغ ہمارااولین مقصد ہونا چاہئیے، گورنر سرحد اویس احمد غنی

منگل 12 مئی 2009 20:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مئی ۔2009ء) صوبہ سرحد کے گورنر اویس احمد غنی نے یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں کی ترقی کی رفتار کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ اس ادارے کو مزید ترقی سے ہمکنارکرنے اورجدید شعبوں میں اعلی تعلیم کے فروغ کے مقصد کے حصول کی غرض سے اس سلسلے میں اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ منگل کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں یونیورسٹی کی سینٹ کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے گورنرنے جوکہ یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں کہاکہ یونیورسٹی کے اعلی ترین پالیسی ساز اور نگران ادارے ہونے کی بناء پر سینٹ اورسنڈیکٹ کویقیناً بے حد اہمیت حاصل ہے اورہمیں ان کی درست انداز میں کارکردگی یقینی بنانی ہوگی۔

اجلاس میں سیکرٹری برائے گورنر ارباب محمدعارف، سیکرٹری اعلی تعلیم احمدحنیف اورکزئی اورسینٹ کے منتخب ارکان کے علاوہ صوبہ سرحد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر سید امتیاز حسین گیلانی نے بھی شرکت کی جبکہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عصمت اللہ خان نے اجلاس کوادارے کی کارکردگی کے بارے میں بریف کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں یونیورسٹی کے روزمرہ امورکی انجام دہی کے ضمن میں پالیسی سازی اور انتظامی معاملات کے بارے میں ایک طویل ایجنڈ ے پرغور وخوض کیا گیااورفیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے تدریسی شعبوں اورتعمیراتی منصوبوں پرعملدرآمد کی رفتار پر بھی غور و خوض کیاگیااورادارے کی کامیابیوں کی تعریف کی۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے آئندہ سال کیلئے مالیاتی بجٹ کی اصولی طور پر منظوری دی گئی۔

گورنر نے تدریسی اور غیرتدریسی عملے کی بھرتی کے طریقہ کارمیں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی اورکہاکہ ایک نیاادارہ ہونے کی بناء پر مشکلات کا درپیش ہونا فطرتی عمل ہے۔ تاہم انہوں نے کہاکہ ہمیں یونیورسٹی کی کارکردگی کے حوالے سے امور کو مکمل طور پر شفاف بنانے کیلئے قواعد وضوابط کی پوری طرح پاسداری یقینی بنانے کی غرض سے مسلسل کوششیں کرنی ہوں گی۔

گورنرنے یونیورسٹی کی سکالرشپ سکیم اور اس ضمن میں فیصلہ سازی کے طریقہ کار میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی اور یہ خواہش ظاہر کی کہ آئندہ یونیورسٹی کی سینٹ کے اجلاس اکثر وبیشتر ہونے چاہئیں تاکہ مشکلات کابروقت ازالہ کیاجاسکے۔ نجی تعلیمی اداروں کویونیورسٹی سے الحاق کی اجازت دینے کے حوالے سے ایک نکتے پرگفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ مروجہ طریقہ کار پر کاربند رہتے ہوئے معیاری تعلیمکا فروغ ہمارااولین مقصد ہوناچاہئیے۔

تعمیری منصوبوں کاذکرکرتے ہوئے گورنرنے اس امر کو سراہا کہ یونیورسٹی کے مین کیمپس کی تعمیر تکمیل کے مراحل میں ہے اور آئندہ چند ماہ میں ادارہ نئے کمیپس میں منتقل ہوجائیگا۔ انہوں نے کیمپس میں کثیرالمنزلہ عمارات کی تعمیرکے رجحان کو بھی سراہا اورکہاکہ اس اصول پرعمل پیرارہنے کی بناء پر کیمپس میں خاطرخواہ اراضی دستیاب ہوگی۔