مقبوضہ کشمیر  بارودی سرنگ کے دھماکے اور فائرنگ کے واقعات میں چار افراد ہلاک،بھارتی فورسز نے جھڑپ کے دور ان ایک مجاہد کو شہید کر نیکادعویٰ

اتوار 14 جون 2009 13:23

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2009ء) مقبوضہ کشمیر میں بارودی سرنگ کے دھماکے اور فائرنگ کے واقعات میں چار افراد ہلاک ہوگئے جبکہ بھارتی فورسز نے جھڑپ کے دور ان ایک مجاہد کو شہید کر نیکادعویٰ کیا ہے ۔اطلاعات کے مطابق دوپہر تقریباً ایک بجے مینڈھر تحصیل کی حدود میں شامل کنٹرول لائن کے پاس ایک بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے دھماکہ میں مرنے والوں کی شناخت محمد ریاست ولد محمد رشید عمر 22سال اور محمد آصف ولد وجاہت حْسین خان کے طور پر کی گئی ہے۔

زخمیوں کی پہچان محمد کفیل ولد عنایت اللہ خان اور محمد خلیل ولد محمد امین کے طور پر کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ چاروں کنٹرول لائن کے قریب کانگہ گلی علاقہ میں مویشی چرا رہے تھے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ متعلقہ پولیس کی ایک ٹیم مقامی ایس ایچ ،او کی قیادت میں جائے واردات پر پہنچ گئی دوسری جانب جنرل بس اسٹینڈ سوپور میں کل اْس وقت افراتفری مچ گئی جب نامعلوم افراد نے ایک پولیس اہلکار سمیت 2افراد پر پے در پے گولیاں چلائیں جسکے نتیجے میں وہ موقعہ پر ہی ہلاک ہوگئے۔

اس واقعہ میں ایک شہری بھی زخمی ہوا۔نامعلوم مسلح افرادنے عام کپڑوں میں ملبوس تھے آر پی پانچویں بٹالین کے اہلکار غلام نبی بٹ ولد غلام محمد بٹ ساکن بٹہ پورہ سوپور اورایک خوانچہ فروش آصف احمد ڈار ولد غلام محی الدین سنگرام پورہ بٹہ پورہ سوپورپر نزدیک سے گولیاں چلائیں جسکے نتیجے میں وہ دونوں خون میں لت پت ہو کر وہیں گر پڑے اور موقعہ پر ہی دم توڑ بیٹھے۔

اس موقعہ پر ایک اور شہری عاشق احمد بھی گولی لگنے سے زخمی ہوا۔ تقریباً 15منٹ تک ان دونوں افراد کی لاشیں وہیں پڑی رہیں اور اسکے بعد فورسز اور پولیس اہلکار وہاں پہنچ گئے جنہوں نے وہاں محاصرہ کیا تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ فائرنگ سے جنرل بس اسٹینڈ میں افراتفری مچ گئی اور لوگ اِدھر اْدھر بھاگ گئے۔ اس حملے کی ذمہ داری کسی بھی شخص نے نہیں لی۔

دریں اثناء شمالی کشمیر کے کپوارہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک بھارتی فورسز نے خونریز جھڑپ میں ایک مجاہدین کوشہید کر نے کا دعویٰ کیا ہے ۔فوج کے دعویٰ کے مطابق کپوارہ میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک کمکڈی کے مقام پر فوج اور مجاہدین کے مابین اس وقت ایک خونریز تصادم آرائی شروع ہوئی جب وہاں سے مجاہدین کا ایک گروپ نمودار ہوا۔بیان کے مطابق مجاہدین نے فوج پر زبردست فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کئی اہلکاروں کو چوٹیں آئیں جبکہ فوج نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک مجاہد کو شہید کر دیا۔

اس سلسلے میں سرینگر میں مقیم فوج کے دفاعی ترجمان کرنل جے ایس برار کے مطابق لائن آف کنٹرول پر واقعہ کمکڈی کے مقام پر فوج نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر ناکہ لگایا جس کے دوران دو مجاہدین پر مشتمل ایک گروپ کا وہاں سے گزر ہوا ۔ ترجمان نے کہا کہ فوج نے پہلے مجاہدین کو ہتھیار ڈال کر خود سپردگی کرنے کی پیشکش کی تاہم مجاہدین نے اس پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے فورسز پر فائرنگ کردی جس کے بعد فوج نے جوابی کارروائی کی جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔ ترجمان کہا کہ آخری اطلاع ملنے تک فوج نے ایک مجاہد کو شہید کرڈالا ۔