پاکستان بھارت کے ساتھ مذاکرات کی جلد بحالی کا خواہاں ہے، جرمنی کردار ادا کرے، صدر زر داری، شدت پسندوں کے خاتمے تک کارروائی جاری رہے گی، جرمن چانسلر سے گفتگو، استنبول میں ہونے والی فرینڈز کانفرنس میں پاکستان کی مدد کی جائے گی، اینجلا مرکل

جمعہ 19 جون 2009 20:13

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جون ۔2009ء) صدرآصف علی زر داری نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مذاکرات کی جلد بحالی کا خواہاں ہے۔ جرمنی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے۔ شدت پسندوں کے خاتمے تک کارروائی جاری رہے گی جبکہ جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے کہا ہے کہ آ ئندہ استنبول میں ہونے والی فرینڈز کانفرنس میں پاکستان کی مدد کی جائے گی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کا کر دار قابل تحسین ہے ۔

گزشتہ روز صدر آصف علی زرداری سے جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے ملاقات کی ۔ برسلز میں ہونے والی ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ،ملاقات میں قبائلی علاقوں میں جاری آپریشن ،آئی ڈی پیز،خطے کی صورتحال سمیت دو طرفہ تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دور ان دونوں رہنماؤں نے معاشی تعاون میں اضافے پر اتفاق کیا سمیت دوطرفہ امور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر آصف علی زر داری نے کہاکہ پاکستان بھارت کے ساتھ مذاکرات کی جلد بحالی کا خواہاں ہے، جرمنی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے۔صدر آصف علی زرداری نے جرمنی کی چانسلرکو پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے اور شدت پسندی کے خاتمے کے لئے بھرپور کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔اس موقع پر جرمنی کی چانسلر نے کہا کہ آئندہ استنبول میں ہونے والی فرینڈز کانفرنس میں پاکستان کی مدد کی جائے گی اور جرمنی پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں پر حکومت پاکستان اور فوج کے کردار کو سراہتی ہے۔