بے نظیر بھٹو شہید کا مشن وطن کو انتہا پسندوں سے پاک کرنا تھا، بلاول بھٹو زرداری

پیر 22 جون 2009 19:10

بریڈ فورڈ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جون ۔2009ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انتہا پسند ،رجعت پسند اور جنونی قوتوں نے ان کی والدہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو شہید کیا، محترمہ کا مشن ان عناصر سے وطن عزیزکو پاک کرنا تھا۔ وہ گزشتہ روز بریڈ فورڈ برطانیہ میں پاکستان کمیونٹی کے زیر اہتمام اپنی والدہ کی 56 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

برطانیہ کے شہر بریڈ فورڈ کے تاریخی سینٹ جارج ہال سے عملی سیاست کاآغاز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کا خاتمہ صرف مضبوط جمہوریت سے کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا فلسفہ ہے کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الفاظ ہماری طاقت ہیں اور ہمیں جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے بھرپور جدوجہد کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

انسانی حقوق پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا بنیادی نکتہ ہیں اور ہمیں اظہار رائے کی بھرپور آزادی کو یقینی بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو امید کی کرن جمہوری طاقت اور اسلام کے جدید نقطہ نظر کی علمبردار تھیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ جب ہمیں اقتدار ملا تو پاکستان اقتصادی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا تھا اور ہمیں ورثا میں کئی مشکلات ملیں۔

تاہم ہماری حکومت نے ان کا جامع منصوبہ بندی اور حکمت عملی سے سامنا کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کو اس عظیم مشن میں پاکستانی عوام کی بھرپو حمایت حاصل ہے اور وہ اس مقصد میں ضرور کامیاب ہوں گے جو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا خواب تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بہادر عوام ، بہادر لیڈر اور بہادر فوج موجود ہے۔

انہوں نے پاکستانی عوام اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھیں اور دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں بے گھر ہونے والے متاثرین کی بھرپور مدد کریں۔ اس تقریب میں صدر مملکت آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور ، محترمہ بے نظیر بھٹو کی بہن صنم بھٹو اور برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر واجد شمس الحسن نے بھی شرکت کی۔