سوات ووزیرستان: شدت پسندوں سے جھڑپیں، چار اہلکار شہید، لوئر دیر:مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری

بدھ 24 جون 2009 12:21

مینگورہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔24جون 2009 ء) سوات اور جنوبی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے جس میں چار اہلکار شہید ہوگئے ہیں جبکہ گزشتہ روز امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد پینسٹھ ہوگئی ہے۔سوات کے علاقے چار باغ میں شدت پسندوں سے جھڑپوں میں دو افسر سمیت چار اہلکار شہید ہوگئے تاہم سیکورٹی فورسز اپنی پیشقدمی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

چارباغ طالبان کا گڑھ تصور کیاجاتاہے اور یہاں سے سیکورٹی فورسز کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں بھی بہت سے شدت پسندوں کے ہلاک ہونے کا اطلاعات ہیں جبکہ سیکورٹی فورسز نے اپنی پیش قدمی جاری رکھی ہوئی ہے۔سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں کے بعد سوات اور بونیر وغیرہ میں نسبتاً حالات بہترہونے کے باعث کیمپوں میں پنا ہ گزین متاثرین کو اپنے علاقوں میں واپس جانے کی جو امید پیدا ہوئی تھی اس میں تھوڑا اور وقت لگنے کی توقع ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت نے پہلے متاثرین کو تیس جون تک اپنے علاقوں میں واپس جانے کی اجازت دینے کا وعدہ کیا تھا تاہم اب اس میں مزید تاخیر کرکے جولائی کے مہینے میں متاثرین کو واپس ان کے علاقوں میں جانے دیاجائے گا۔حکومت کے مطابق اس کی وجہ آپریشن زدہ علاقوں میں تعمیراتی کام ہے۔دوسری جانب جنوبی وزیرستان میں بھی شرپسندوں کے خلاف آپریشن راہ نجات جاری ہے اور فضائی کارروائی کے بعد سیکورٹی فورسز کے تازہ دم دستے جنوبی وزیرستان میں داخل ہوگئے ہیں۔

جنوبی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیاروں نے بھی ایک مرتبہ پھر پروازیں کی ہیں جن کو دیکھ کر شدت پسندوں نے جہاز پر زمین سے فائرنگ کی ۔ ادھر لوئر دیر کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔میدان اور چکدرہ میں صبح چھ سے شام آٹھ بجے تک اور ضلع بونیر میں صبح سات سے شام سات بجے تک کرفیو میں وقفہ ہے۔ لوئر دیر کے علاقے میدان،چکدرہ ،سنبٹر،فقیر آباد ،کیتاڑی،شوہ، کمبڑ،لال قلعہ،حیاسری اور زندارہ میں سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے،سیکورٹی فورسز نے میدان کے مختلف علاقوں شاداس،کالاڈاگ، شیر خانے اور سنگولی میں عسکریت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔

لوئر دیر کے علاقے میدان اور چکدرہ میں صبح چھ بجے کرفیو میں نرمی کی گئی جو شام آٹھ بجے تک برقرار رہے گی۔ضلع بونیر میں صبح سات بجے سے شام سات بجے تک کرفیو میں وقفہ رہے گا۔ضلع بونیر میں صبح سات بجے سے کرفیو میں نرمی کی گئی جو شام سات بجے تک برقرار رہے گی۔ضلع مالاکنڈ میں مسلسل کرفیو نافذ ہے جس کی وجہ سے معمولات زندگی شدید متاثر ہیں۔

متعلقہ عنوان :