کراچی اسٹاک ایکسچینج میں شدید تیزی ، سرمایہ کاری مالیت میں 28 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ

جمعرات 25 جون 2009 17:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جون ۔2009ء) حکومتی مالیاتی اداروں اور مقامی بروکریج ہاؤسز کی جانب سے آئل‘ سیمنٹ اور بینکنگ سیکٹر میں خریداری‘ کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو شدید تیزی رہی اور کے کے ایس ای 100 انڈیکس کئی دن کے وقفے کے بعد7100 کی نفسیاتی حد عبور کرگیا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 28 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ، کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 1.15 فیصد زائد جبکہ 59.12 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

فروخت کے دباؤ اور چھوٹے سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی کے باعث کاروبار کا آغاز 5 پوائنٹس کی مندی سے ہوا بعد ازاں حکومتی مالیاتی اداروں ‘ مقامی بروکریج ہاؤسز اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے آئل‘ سیمنٹ اور بینکنگ سیکٹر کی نچلی سطح پر آئی ہوئی پرکشش قیمتوں میں زبردست خریداری کے باعث مارکیٹ میں کئی دنوں سے جاری بحرانی کیفیت کاخاتمہ ہوگیا۔

(جاری ہے)

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 102.94 پوائنٹس اضافے سے 7128.83 پوائنٹس پر بند ہوا۔ذرائع کے مطابق کراچی اسٹاک ایکسچینج نے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی سے متعلق تجاویز کو حتمی شکل دے دی، یہ تجاویز وزارت خزانہ کو بھیجی جا رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق بروکرز نے تجویز دی ہے کہ وہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے تحت اتنا ہی ٹیکس دیں گے جتنا سی وی ٹی کے تحت ادا کرتے تھے تاہم یہ ٹیکس کراچی اسٹاک ایکسچینج خود جمع کر کے حکومت کو پہنچائے گا اور اس رقم کو فل اینڈ فائنل تصور کیا جائے گا۔

مجموعی طور پر 318 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 188کمپنیوں کے حصص میں اضافہ،109میں کمی جبکہ21 کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں مجموعی طور پر 28 ارب 21 کروڑ 24لاکھ 10 ہزار 765 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی کل مالیت 20 کھرب 83 ارب 1 کروڑ 69 لاکھ 60 ہزار 406 روپے سے بڑھ کر 21 کھرب 11 ارب 22 کروڑ 93 لاکھ 71 ہزار 171 روپے ہوگئی۔

مجموعی طور پر کاروباری حجم 10کروڑ 43 لاکھ 71 ہزار 840 شیئرز رہا جو بدھ کے مقابلے میں 11 لاکھ 90 ہزار 220 شیئرز زائد ہے۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے نیسلے پاکستان کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 51.90 روپے اضافے سے 1089.90 روپے اور باٹا پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت31.50 روپے اضافے سے 662.00 روپے پر بند ہوئی۔ نمایاں کمی فضل ٹیکسٹائل لمیٹڈ کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت 9.57 روپے کمی سے 353.00 روپے جبکہ سیمنز پاک انجینئرنگ کے حصص کی قیمت 5.00 روپے کمی سے 1020.00 روپے پر بند ہوئی۔

جمعرات کو آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کی سرگرمیاں 1کروڑ18 لاکھ 73 ہزار 600 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 2.10 روپے اضافے سے 78.10 روپے جبکہ ڈی جی خان سیمنٹ کی سرگرمیاں 1 کروڑ 4 لاکھ 12 ہزار 400 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔ جس کے شیئرز کی قیمت 39 پیسے اضافے سے 29.89 روپے پر بند ہوئی۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 122.64 پوائنٹس کمی سے 7573.54 پوائنٹس پر بند ہوا۔