پاکستان دہشت گردی کا شکار ہونے کے باوجود خطے میں امن کے قیام کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کر رہا ہے  نواز شریف، متاثرین مالاکنڈ و سوات کی بحالی کیلئے حاصل کی گئی امدادی رقم کی تقسیم اور خرچ کیلئے شفاف نظام وضع کیا جائے  جاپان کے پاکستان اور افغانستان سے متعلق خصوصی نمائندے سے گفتگو

بدھ 15 جولائی 2009 22:27

رائیونڈ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جولائی۔2009ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوا زشریف نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار ہونے کے باوجود خطے میں امن کے قیام کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کر رہا ہے  متاثرین مالاکنڈ و سوات کی بحالی کے لیے حاصل کی گئی امدادی رقم کی تقسیم اور خرچ کیلئے ایک ایسا شفاف نظام وضع کیا جائے کہ ایک ایک پائی مستحقین تک پہنچائی جا سکے -اس وقت سب سے بڑا چیلنج لوگوں کو اپنے اپنے گھروں میں از سر نو بحال کر کے متاثرہ علاقوں میں معمولات زندگی کو بحال کرنااور ان علاقوں میں جامع ترقیاتی عمل شروع کرنا ہے -انہوں نے ان خیالات کا اظہار حکومت جاپان کے پاکستان اور افغانستان سے متعلق خصوصی نمائندےMotohide YOSHIKAWA) (موٹو ہائڈ یوشی کاوا کے ساتھ رائیونڈ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا -اس موقع پر پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور پاکستان میں متعین جاپان کے سفیر بھی موجود تھے-اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد نواز شریف نے ڈونرز کانفرنس کے انعقاد اور اس کی کامیابی پر حکومت جاپان کا خصوصی شکریہ ادا کیا جس کے دوران 2بلین ڈالر کی خطیر رقم دنیا بھر سے متاثرین آپریشن کے لیے جمع کی گئی -انہوں نے کہاکہ پاکستان اور جاپان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات صدیوں پر محیط ہیں اور جاپان نے ہر طرح کے حالا ت میں پاکستان اور پاکستان کے عوام کی اقتصادی اور معاشی ترقی میں خصوصی دلچسپی لی ہے جس کی مثال نہیں ملتی -انہوں نے تجویز پیش کی کہ جاپان پاکستان میں شراکت داری کی بنیاد پر شہروں کی سطح پر زیر زمین ریل کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے -نواز شریف نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ جاپان اور پاکستان ملکر شاہراوں کے فروغ بالخصوص موجودہ موٹر وے کی بہتری اور وسطی ایشیا تک اس کی رسائی ممکن بنانے کے لیے مشترکہ جامع منصوبے کا اظہار کریں تاکہ جنوبی ایشیائی خطے میں ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز کیا جا سکے -اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اگر 1999ء میں ان کی حکومت پر ایک آمر نے شب خون نہ مارا ہوتا تو آج اس منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جا چکا ہوتا-نواز شریف نے کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور دہشت گردی کا شکار ہونے کے باوجود پورے خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کر رہا ہے -انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم اپنے جس بھر پور عزم اور نہایت ثابت قدمی کے ساتھ شدت پسندی کا مقابلہ کر رہی ہے ،اس کی بدولت ایک بار پھر پاکستان ترقی اور خوشحالی کے رستے پر گامزن ہو جائے گا -ملاقات کے دوران حکومت جاپان کے خصوصی نمائندہ برائے پاکستان اور افغانستان Motohide YOSHIKAWA) موٹو ہائڈ یوشی کاوابات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ملک کے مقبول ترین رہنماء سے ملکر بہت زیاد ہ خوشی ہو رہی ہے اور حکومت جاپان اور جاپان کے عوام آزمائش کی کٹھن گھڑیوں کے دوران قومی یکجہتی کے فروغ اور چاروں صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کی فضا کے قیام میں مسلم لیگ (ن) اور اس کے قائد محمد نواز شریف کے کردار کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں-انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پاکستان بہت جلد جاری بحرانوں سے نجات پا کر ایک بار پھر ترقی ،خوشحالی اور استحکام کے رستے پر گامزن ہو جائے گا-انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جاپان اور پاکستان کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہو نگے اور جاپان پاکستان کی اقتصادی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے منصوبوں کے اجرا میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گا -