پاکستان ریلوے ورکرز یونین پشاور ڈویژن کا حالیہ بھرتی میں سیاسی مداخلت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 16 جولائی 2009 17:41

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔16جولائی 2009 ء) پاکستان ریلوے ورکرز یونین پشاور ڈویژن نے ریلوے کے حالیہ بھرتی میں سیاسی مداخلت کے خلاف اور بھرتی میں ریلوے ملازمین کے بچوں کو 50فیصد کوٹہ دینے کیلئے پشاور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے ۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے اس موقع پر ریلوے انتظامیہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی مظاہرے کی قیادت ڈویژنل صدر عامر ہاشمی کررہے تھے مظاہرین نے کہاکہ ریلوے کے حالیہ بھرتی میں سیاسی مداخلت کی وجہ سے منظور نظر افراد کو شامل کیا گیا انہوں نے کہا کہ ریلوے میں سیاسی مداخلت بند کیا جائے جبکہ بھرتی میں ملازمین کے بچوں کو 50فیصد کوٹہ دینا یقینی بنایا جائے انہوں نے ریلوے کوارٹروں کی مرمت کی مد میں5فیصداضافی کٹوتی کی فوری طور پر بندکرکے نوٹیفیکشن جاری کرنے کا مطالبہ بھی کیا ۔