بینظیر بھٹو قتل کیس،اقوام متحدہ کمیشن نے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دیں،کمیشن کی صدر زرداری،وزیرداخلہ رحمان ملک سے ملاقاتیں،محترمہ کی موت کے حالات اور حقائق کے تعین کے ذریعے پاکستان کی مدد کرنے کیلئے پرعزم ہیں،ترجمان تحقیقاتی کمیشن

جمعرات 16 جولائی 2009 18:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16جولائی۔2009ء) بے نظیر بھٹو شہید کے قتل کی تحقیقات کرنے والے اقوام متحدہ کے کمیشن نے کہا ہے کہ محترمہ کی موت کے حالات اور حقائق کے تعین کے ذریعے پاکستان کی مدد کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔تین رکنی کمیشن کے ترجمان بین ملور نے بیان میں کہا ہے کہ کمیشن کا دائرہ کار قتل کے حقائق اور حالات معلوم کرنا ہے ۔کمیشن کا یہ مینڈیٹ نہیں کہ وہ فوجداری تحقیقات کرے ۔

ترجمان نے بتایا کہ کمیشن اپنے پہلے ورکنگ وزٹ پر اسلام آباد آیا ہے ۔کمیشن اپنی رپورٹ رواں سال دسمبر کے آخر تک اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو پیش کرے گا جو اس رپورٹ کی تفصیلات سے حکومت پاکستان کو آگاہ کرے گا۔صدر آصف علی زرداری سے سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس کی تحقیقات کیلئے قائم اقوام متحدہ کے کمیشن نے ملاقات کی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ملاقات میں تحقیقاتی کمیشن نے صدر زرداری کو بے نظیر بھٹو شہید کے قتل کی اب تک کی جانے والی تحقیقات سے آگاہ کیا ۔

ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ رحمان ملک بھی موجود تھے ۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، آصفہ اور بختاور نے خصوصی شرکت کی۔اس سے پہلے اقوام متحدہ کے مشن نے وزیر داخلہ رحمان ملک سے ملاقات کی جس میں تحقیقات سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اقوام متحدہ کی ٹیم کو شہید بے نظیر بھٹو کے قتل کی اب تک ہونیوالی تحقیقات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں کے علاوہ پاکستان میں بے نظیر بھٹو قتل کیس کی تحقیقات پر مامور افسران سے بھی ملاقات کرے گی۔شہید محترمہ بے نظیر بھٹو قتل کی تحقیقات کے لئے پاکستان آنیوالی اقوام متحدہ کی ٹیم نے اقوام متحدہ میں چلی کے سفیر کی سربراہی میں وزیر داخلہ رحمان ملک سے ملاقات کی جس میں تحقیقات سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سیکرٹری داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے جنہوں نے اقوام متحدہ کی ٹیم کو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل کی اب تک ہونیوالی تحقیقات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی. وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بے نظیر قتل کیس کی تحقیقات پر مامور افسران سے بھی ملاقات کرے گی