وزیراعلی پنجاب کی طرف سے برطانیہ اور جرمنی بھیجے گئے پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات کی وطن واپسی ،صوبائی وزراء دوست محمد کھوسہ ، مجتبیٰ شجاع الرحمن ، سیکرٹریز تعلیم ندیم اشرف اور احمد چیمہ نے استقبال کیا

پیر 20 جولائی 2009 18:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جولائی۔2009ء) وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی طرف سے امتحانات میں اعلی پوزیشنیں حاصل کرنیوالے طلبہ کیلئے غیر ملکی مطالعاتی دورہ کے اہتمام کا مقصد پاکستانی طلبہ وطالبات کو غیرملکی یونیورسثیوں میں ہونے والی ریسرچ سے آگاہی اور مستبقل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی تیاری ہے، بیرون ملک جانیوالے طلباء اپنے مشاہدات کی روشنی میں مستقبل کی تعلیمی کامیابیوں کی منصوبہ بندی بہتر انداز میں کر سکیں گے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر بلدیات دوست محمد کھوسہ اور وزیر تعلیم مجتبیٰ شجاع الرحمن نے گزشتہ روز علامہ اقبال ائیر پورٹ لاہور پر پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کی بیرونی دورے سے واپسی کے موقع پرصحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس استقبالی تقریب میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن ندیم اشرف اور قائم مقام سیکرٹری ہائر ایجوکیشن احد چیمہ نے بھی شرکت کی۔

دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کا مطالعاتی دورہ کثیر المقاصد نصابی سرگرمی کا درجہ رکھتا ہے اس دورہ کے دوران طلبہ کو ان ممالک کے تعلیمی نظام اور طریقہ تدریس و تحقیق سے آگاہی حاصل کرنے کا موقع ملا ہے جس سے ان کی سوچ اور تعلیمی فکر میں وسعت آئے گی۔وزیر تعلیم میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ با صلاحیت اور ہونہار طلبہ ہمارا قومی اثاثہ ہیں اور ان کی قابلیت ہمارا سرمایہ افتخار ہے، خادم اعلی پنجاب نے ان قابل طلبا کو بیرون ممالک اعلی تعلیمی اداروں میں بھیجا ہے تا کہ وہ ان اداروں کے تعلیمی کے معیار کا جائزہ لے سکیں اور مستقبل میں وطن عزیز کو درپیش چیلنجوں میں ثابت قدمی اور مدبرانہ انداز میں رہنمائی فراہم کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس غیر ملکی دورہ کی بدولت ان طلبہ و طالبات میں وسعت نظری پیدا ہو گی اور ان کی خود اعتمادی میں اضافہ ہو گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت یونیورسٹیوں کی تدریسی استعداد بڑھانے کے لئے ہر ممکن مالی وسائل مہیا کرے گی تا کہ تعلیمی معیار میں بہتری کے باعث ان کا شمار دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں ہو سکے۔اس موقع پر طلباء و طالبات نے کہا کہ برطانیہ اور جرمن یونیورسٹیوں کی نمایاں خوبی یہ ہے کہ وہاں ریسرچ اور عملی تربیت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے جبکہ ملکی یونیورسٹیان اس حوالے سے کافی پیچھے ہیں۔

طلباء و طالبات نے مزید کہا کہ وہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے تہہ دل سے مشکور ہیں کہ انہوں نے امتحانی کامیابی کا دوہرا انعام دیا ہے۔ انہوں نے ایسے اداروں کا دورہ کرنے کا موقع دیا جو دنیا میں ایک مقام رکھتے ہیں ۔ طلبہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے مطالعاتی دورہ کے مشاہدات کی روشنی میں تجاویز محکمہ تعلیم کے حکام کو پیش کریں گے تا کہ ان تجاویز کو بروئے کار لا کر پاکستانی نظام تعلیم کو بہتر بنایا جا سکے۔