سوات آپریشن میں شہید کیپٹن معراج کے خاندان کی قومی اسمبلی اجلاس میں آمد، شہداء کے نام ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے، سوات میں زندگی معمول کے مطابق دوبارہ شروع ہوگئی ہے، بابراعوان

جمعہ 21 اگست 2009 14:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اگست ۔2009ء) سوات آپریشن میں شہید ہونے والے کیپٹن معراج کے خاندان نے جمعہ کو قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی اسپیکرگیلری میں موجود خاندان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اسپیکرفہمیدہ مرزا نے کہاکہ اس خاندان کی حالت زار دیکھ کرمیں نے انہیں تسلی دی اور یہاں ایوان میں آمد کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کی ہے انہیں ایوان بھرپور طریقے سے خراج تحسین پیش کرے جس پر ایوان میں موجود ارکان نے کھڑے ہوکر ڈیسک بجا کر انہیں بھر پور خراج تحسین پیش کیا اس موقع پر بابر اعوان نے کہا کہ کیپٹن معراج شہید نے ملک کی خاطر اپنی جان قربان کی کیپٹن معراج بونیر میں پولیس دستے پر دہشتگردوں کے حملوں کو ناکام بنانے کیلئے گئے اور اپنے اس مشن میں کامیاب ہوتے ہوئے اس وطن پر اپنی جان نچھاور کردی انہوں نے کہا کہ میں ان تمام شہداء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے ہماری جانوں کو بچاتے ہوئے اپنی جانیں پیش کیں یہ قربانیاں ہمارا ورثہ ہیں اوران شہداء کے نام ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے انہوں نے کہا کہ سوات میں زندگی معمول کے مطابق دوبارہ شروع ہوگئی ہے جو واضح ثبوت ہے کہ شرپسندوہاں سے بھاگ گئے ہیں مسلم لیگ ن کے چیف وہیپ شیخ آفتاب نے کہا کہ وہی قومیں زندہ رہتی ہیں جن کے عظیم سپوت اپنے ملک وقوم کیلئے جانیں قربان کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ جہاں ہمارے ملک وقوم کے بقاء کی بات ہوئی وہاں ان نوجوانوں نے اپنے آپ کو پیش کیا اوردہشتگردی کی لہر کو ختم کرنے کیلئے آگے بڑھے اور شہادت کارتبہ حاصل کیا متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینیئر فاروق ستار نے کیپٹن معراج کی والدہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم ماں نے جب وطن کو ضرورت پڑی تو اپنے بیٹے کو پیش کیا اور ملک وقوم کی خاطر بیٹے نے اپنی جان قربان کردی انہوں نے کہا کہ کیپٹن معراج شہید اوردیگر شہدائے قربانیاں اس لیے دی ہیں کہ پاکستان اقوام عالم میں سراٹھا کر جئے ہم الفاظوں میں شہداء کے خاندانوں سے اظہاریکجہتی کررہے ہیں ہمیں یہ بھی جاننا ہوگا کہ کیامقاصد تھے جس کی خاطر ان شہداء نے قربانیاں دی ہیں اے این پی کے رہنما وفاقی وزیر غلام احمد بلور نے کہا کہ جتنی ماؤں کے بچے شہید ہوئے اللہ انہیں صبر دے میری پختون قوم کا سراونچا ہے جتنی قربانیاں پختونوں نے دیں اتنی اور کسی نے نہیں دیں اور ابھی تک دے رہے ہیں۔