وفاقی کابینہ نے رینٹل پاور پروجیکٹس کی توثیق کر دی ،رمضان المبارک کے دوران ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،وزیراعظم یوسف رضا گیلانی

بدھ 26 اگست 2009 21:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اگست۔2009ء) وفاقی کابینہ نے ملک میں بجلی کی قلت پر قابو پانے کے لئے رینٹل پاور پروجیکٹس کی توثیق کر دی جس سے بائیس سو پچاس میگا واٹ بجلی حاصل ہو گی ۔وفا قی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ہوا ۔ اجلاس میں رینٹل پاور پراجیکٹس کے لیئے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

(جاری ہے)

وفا قی کابینہ کو بتایا گیا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر ماہ رمضان کے لئے ایک لاکھ ٹن چینی ،ڈیڑھ لاکھ ٹن آٹا اور پچاس ہزار ٹن گھی دستیاب ہے جبکہ تین لاکھ ٹن خام چینی در آمد کی جائے گی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ بلوچستان کو ٹی سی پی کے ذریعے دس ہزار ٹن چینی فراہم کی جائے گی۔وزیراعظم نے کابینہ سے اپنے خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک کے دوران ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت بر داشت نہیں کی جائے گی۔ وفاقی کابینہ نے وفاقی وزرا ،وزرائے مملکت ،مشیروں اورسیکریٹریوں کے لئے غیر ضروری غیر ملکی دوروں سے اجتناب کر نے کی منظوری بھی دی۔