سابق ہاکی کپتان محمد ثقلین کی وزیراعظم گیلانی سے تحقیقات کی اپیل

جمعہ 28 اگست 2009 16:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اگست ۔2009ء) پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان محمد ثقلین نے وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی سے انہیں قومی ہاکی ٹیم سے نکالنے کی تحقیقات کرنے کی اپیل کی ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد نیشنل پریس کلب میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ سیاسی بنیادوں پر مقرر کئے جانے والے پی ایچ ایف کے سیکریٹری آصف باجوہ پسند اور ناپسند کی بنیاد پر فیڈریشن کے معاملات چلا رہے ہیں جبکہ قاسم ضیاء کی سیاسی مصروفیات اتنی زیادہ ہیں کہ ان کے پاس ہاکی کے لئے وقت ہی نہیں۔

محمد ثقلین نے کہاکہ اگرپاکستان ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی نہ کرسکا تو ملک میں ہاکی کا ڈھانچا تباہ ہوجائیگا۔ محمد ثقلین نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سرپرست اعلی وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی سے اپیل کی کہ انہیں ٹیم سے نکالے جانے کے بارے میں اولمپیئنز پر مشتمل ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے۔ محمد ثقلین کا کہنا تھا کہ مکمل فٹ ہیں اور مزید کچھ سال قومی ہاکی ٹیم کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں۔