الطاف حسین کا شمالی علاقہ جات کا نام گلگت بلتستان رکھنے اور انتظامی پیکج کے اعلان کا خیر مقدم ،وزیراعظم اور صدر کومبارکباد پیش کرتے ہیں  فیصلے شمالی علاقہ جات کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا ہے  فاروق ستار

ہفتہ 29 اگست 2009 19:23

لندن+اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2009ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے وفاقی کابینہ کی جانب سے شمالی علاقہ جات کا نام گلگت بلتستان رکھنے اور وہاں انتظامی پیکج کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے جبکہ وفاقی وزیر برائے سمند پار پاکستانیز ڈاکٹر فاروق ستارنے گلگت بلتستان کو خود مختار بنانے کی قانون سازی پر وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی ، صدر آصف علی زرداری اور وزیر امور کشمیر و شمالی علاقہ جات قمر زمان کائرہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے سے وہاں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے۔

اپنے ایک بیانمیں الطاف حسین نے کہا کہ شمالی علاقہ جات کے عوام طویل عرصہ سے احساس محرومی کا شکار تھے اور وفاقی کابینہ کے اس اقدام سے گلگت بلتستان کے عوام کو نہ صرف ایوانوں میں نمائندگی کا حق ملے گا بلکہ انہیں بااختیار بھی بنایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے گلگت بلتستان کے لئے انتظامی پیکج کے اعلان پر صدرمملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور وفاقی کابینہ کو خراج تحسین پیش کیا اورگلگت بلتستان کے عوام کو مبارکباد دی ۔

دریں اثناء وفاقی وزیر برائے سمند پار پاکستانیز ڈاکٹر فاروق ستارنے گلگت بلتستان کو خود مختار بنانے کی قانون سازی پر وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی ، صدر آصف علی زرداری اور وزیر امور کشمیر و شمالی علاقہ جات قمر زمان کائرہ کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا کہ اس فیصلے سے وہاں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے۔ کابینہ کے اجلاس میں شرکت کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر کاکہناتھاکہ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے متحدہ کے وفد نے بھی آج ان سے ملاقات میں علاقے کوصوبے کا درجہ دینے اور مرکز سے وسائل کی تقسیم کا فارمولا طے کرنے کے حوالے سے سفارشات پیش کی تھیں جو انھوں نے کابینہ کو پیش کردی ہیں۔

سیاسی جماعتوں کی جانب سے ایک دوسرے پر الزام تراشی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فاروق ستار کاکہناتھا کہ تمام جماعتوں پر یہ ذمہ داری عائد ہو تی ہے کہ وہ مفاہمتی عمل کے زریعے دیر پا امن قائم کرنے کی پالیسی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں پور ی کریں۔