سوات،مینگورہ پولیس سٹیشن پر خودکش حملہ،17اہلکار جاں بحق،چار باغ میں 18عسکریت پسند ہلاک

اتوار 30 اگست 2009 22:58

مینگورہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اگست۔2009ء) سوات کے شہر مینگورہ پولیس ٹریننگ سینٹر میں خودکش حملے سے 17 اہلکار شہید اور متعددزخمی ہوگئے ۔ صدر اور وزیراعظم نے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے فوری تحقیقات اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد دینے کی ہدایت کی ہے ۔خودکش حملے کے وقت مینگورہ پولیس ٹریننگ سینٹر میں تربیت حاصل کرنے والے ساٹھ سے ستر پولیس اہلکار موجود تھے ۔

زخمی ہونے والے بارہ اہلکاروں کو سیدو شریف اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور کی عمر بیس سے پچیس سال تھی۔واقعے کے بعد سیدو شریف کے اسپتالوں میں ایمرجنسی کا نفاذ کر دیا گیا ۔ جائے وقوعہ سے سیدو شریف کا راستہ تقریباً ایک کلو میٹر ہے ۔ دھماکا اتنا زور دار تھا کہ اس سے پورا شہر لرز اٹھا جبکہ اس کے بعد فائرنگ کی بھی آوازیں سنائی دی گئیں جس سے شہر میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنی گاڑیاں سڑکوں پر ہی چھوڑ کر گھروں کی جانب بھاگنے لگے جبکہ مینگورہ کے تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند کر دی گئیں ۔

(جاری ہے)

یا د رہے کہ اس سے قبل بھی تین مرتبہ اس ٹریننگ سینٹر کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم شر پسند اس میں پوری طرح کامیاب نہیں ہو سکے تھے ۔ گزشتہ رات آٹھ شدت پسندوں کی اطلاع تھی جس پر بائیس مقامی افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ۔ادھر سوات کی تحصیل چارباغ میں جاری آپریشن کے دوران 18عسکریت پسند مارے گئے جبکہ متعدد گرفتار کرلیے گئے ہیں بریگیڈئیر طاہر حمیدکے مطابق تحصیل چارباغ کے علاقوں بلیش بنٹر‘ منگلتان اور گٹ میں عسکریت پسندوں کیخلاف آپریشن جاری ہے اور سیکورٹی فورسز نے اس دوران 18عسکریت پسند ہلاک کردیئے ہیں جبکہ بڑی تعدادمیں گرفتار کرلیے گئے ہیں عسکریت پسندوں کے قبضے سے بڑی مقدارمیں راشن اور لوگوں سے لوٹا ہوا سامان بھی برآمد کرلیاگیاہے ۔