بنوں،تھانہ پر خودکش حملہ،5ہلاک،40 سے زائد زخمی

ہفتہ 26 ستمبر 2009 10:04

بنوں(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔26ستمبر 2009 ء) بنوں میں پولیس اسٹیشن کی عمارت پر خودکش حملے میں تین پولیس اہلکاروں سمیت پانچ افراد جاں بحق اور چالیس زخمی ہو گئےہیں، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی منڈان پولیس اسٹیشن کی عمارت سے ٹکرادی جس کے نتیجے میں تھانے کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی، جبکہ ایک کلومیٹر اطراف میں مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔

ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور کا سر اور ٹانگیں مل گئی ہیں۔

(جاری ہے)

دھماکہ اتناشدیدتھاکہ جائے وقوعہ پردس فٹ گہرا اور چالیس فٹ چوڑا گڑھا پڑ گیا ہے، حملے کے وقت تھانے میں ڈیڑھ سو سے دو سو کے قریب اہلکار موجود تھے، جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیاجارہا ہے، زخمی ہونے والوں میں چوبیس پولیس اہلکار ہیں، زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔اب تک حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے، صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذکردی گئی ہے،عینی شاہدین کے مطابق خودکش حملہ آور کم عمر لڑکا تھا۔جو نقل مکانی کرنے والوں کے بھیس میں تھا۔