کراچی اسٹاک ایکسچینج میں مندی ، سرمایہ کاروں کے 25ارب روپے سے زائد ڈوب گئے

پیر 12 اکتوبر 2009 17:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 اکتوبر ۔2009ء) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو مندی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس 9700کی نفسیاتی حد سے گر گیا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 35ارب روپے سے زائد کی کمی کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 34.61فیصد کم جبکہ 64.86فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے مخصوص حصص کی خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ،ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس9785پوائنٹس کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا، سوات میں خود کش بم دھماکے ، جی ایچ کیو پر حملے اور کیری لوگر بل پر سیاسی جماعتوں اور فوجی قیادت میں بے چینی پر سرمایہ کاروں میں خدشات پائے گئے جس کے باعث مارکیٹ مندی کا شکار ہوگئی اور کے ایس ای100انڈیکس9700کی نفسیاتی حد سے نیچے آگیا۔

(جاری ہے)

سوات دھماکے نے مارکیٹ پر منفی اثر ڈالا اور کاروباری سرگرمیوں میں کمی آئی۔ تاہم ملک میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باوجود غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری کا سلسلہ جاری رہا۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 126.07پوائنٹس کمی سے 9642.56پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 444کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 137کمپنیوں کے حصص بھاؤ میں اضافہ 288کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 19کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔

سرمایہ کاری مالیت میں 35ارب 9کروڑ 69لاکھ 68ہزار 674روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی کل مالیت 28کھرب 35ارب 90کروڑ 19لاکھ 37ہزار 268روپے سے گھٹ کر 28کھرب 80کروڑ 49لاکھ 68ہزار 594روپے ہو گئی۔ مجموعی طور پر کاروباری حجم 15کروڑ67لاکھ 16ہزار 723شیئرز رہا جو جمعہ کے مقابلے میں 8کروڑ 29لاکھ 52ہزار 660شیئرز کم ہے۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے سیمنز پاک انجینئرنگ کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت43.71روپے اضافے سے 1399.96روپے اور وائتھ پاک لمیٹڈکے حصص کی قیمت.00 29روپے اضافے سے.00 1350روپے پر بند ہوئی۔

نمایاں کمی نسیلے پاکستان کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کی حصص کی قیمت.00 51روپے کمی سے.00 1200 روپے جبکہ باٹا پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت.00 45روپے کمی سے.00 875 روپے پر بند ہوئی۔ پیر کو جہانگیر صدیقی اینڈ کو کی سرگرمیاں 2کروڑ88لاکھ 78ہزار 350شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہی جس کے شیئرز کی قیمت 75پیسے اضافے سے 39.10روپے اور عارف حبیب سیکورٹیز کی سرگرمیاں 1کروڑ 58لاکھ 33ہزار 235شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 2.18 روپے اضافے سے 45.86روپے پر بند ہوئی۔

پیر کو کے ایس سی 30انڈیکس 126.56پوائنٹس کمی سے 10254.69پوائنٹس،کے ایم آئی 30انڈیکس 138.67 کمی سے 13901.72پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 85.75پوائنٹس کمی سے 6850.50پوائنٹس پر بند ہوا ۔ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں لکویڈٹی کی کمی کے باعث افراط ذر اور شرح سود کے حوالے سے خدشات مارکیٹ میں موجود رہیں کے۔ تاہم آئیندہ دنوں میں رزلٹ سیزن کے آغاز سے مارکیٹ پر مثبت اثر دیکھا جاسکتا ہے۔