گزشتہ چار سال کے دوران کراچی کی ترقی میں سٹی ناظم سید مصطفی کمال کی کارکردگی بہت زیادہ اطمینان بخش رہی ہے، گورنر سندھ

پیر 12 اکتوبر 2009 19:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 اکتوبر ۔2009ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ گزشتہ چار سال کے دوران کراچی کی ترقی میں سٹی ناظم سید مصطفی کمال کی کارکردگی بہت زیادہ اطمینان بخش رہی ہے اس لئے وہ کہیں نہیں جا رہے میں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے بات کی ہے کہ کراچی کی ترقی کو جاری رکھنے کے لئے ان کی خدمات کو کسی نہ کسی طریقے سے جاری رکھا جائے لہٰذا مجھے امید ہے کہ اس حوالے سے بہتر فیصلہ کیا جائے گا جو کراچی کے شہریوں کی خواہشات کے مطابق ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی رات مقامی ہوٹل میں سٹی حکومت کراچی کی گزشتہ چار سال کی کارکردگی پر مبنی کتاب ”کراچی دی کوہ نور“ اور ڈاکیومنٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر انیس احمد قائم خانی، وفاقی وزیر بابر خان غوری، رکن قومی اسمبلی وسیم اختر، صوبائی وزراء رضا ہارون، فیصل سبزواری، ڈاکٹر صغیر احمد، سید سردار احمد، نائب سٹی ناظمہ نسرین جلیل، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹاؤن ناظمین کے علاوہ بڑی تعداد میں معززین شہر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں گزشتہ چار سال کے دوران جتنا کچھ کام ہوا اس کا مقصد کراچی کو دنیا کے دیگر بڑے شہروں کے مد مقابل لانا تھا اور آج پوری دنیا اس کا اعتراف کررہی ہے کہ کراچی میں ہونے والی ترقی دیگر شہروں کے لئے ایک بہترین ماڈل ہے انہوں نے کہا کہ ناظم کراچی سید مصطفی کمال نے بہت عمدہ طریقے سے یہ تمام کام سر انجام دیئے ہیں اور کراچی کی ترقی پورے ملک پر اثرات مرتب کرے گی ۔ موجودہ حالات میں کراچی میں امن و استحکام پورے ملک کے استحکام کا ضامن ہے ۔