پولیس تھانہ صدرکوہاٹ پرخودکش بم دھماکہ میں ڈبل کیبن پک اپ استعمال کی گئی،دھماکے میں 100 کلوگرام سے زیادہ بارودی مواداستعمال کیا گیا،پولیس حکام

جمعرات 15 اکتوبر 2009 13:02

کوہاٹ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 اکتوبر ۔2009ء) پولیس تھانہ صدرکوہاٹ پرخودکش بم دھماکہ میں ڈبل کیبن پک اپ استعمال کی گئی جس میں پولیس حکام کے مطابق سو کلوگرام سے زیادہ بارودی موادرکھاگیا تھا۔پولیس حکام کے مطابق خیال کیا جاتا ہے کہ جو گاڑی استعمال کی گئی وہ جدید ماڈل کی ڈبل کیبن سرف گاڑی تھی۔ یادرہے کہ گزشتہ ہفتہ صدر تھانہ کے بیرونی گیٹ کے باہر ایک بم رکھا گیا تھا جسے پولیس نے بم ڈسپوزل سکواڈ کی مددسے پھٹنے سے قبل ہی ناکارہ بنادیا تھا۔

ادھر یہ امردلچسپی سے خالی نہ ہوگا کہ تھانہ کے مرکزی دورازہ کے ساتھ واقع خوبصورت مسجدشہیدہونے سے قطعاً محفوظ رہی تاہم اس کی دیواروں میں معمولی دراڑیں پڑگئی ہیں۔واضح رہے کہ جس وقت یہ دھماکہ ہوا اْس وقت مضافاتی علاقوں سے لوگ پبلک ٹرانسپورٹ میں معمول کے کاروبار کے لئے کوہاٹ شہرکا رخ کرتے ہیں اورراولپینڈی روڈ پرچھاوٴنی کے سنگم پر واقع تھانہ کے قریب بہت رش ہوتاہے جس کی وجہ سے عام شہریوں کا زیادہ نقصان ہوا جبکہ دھماکہ کی زدمیں آکر ڈی ایس پی کی سرکاری پک اپ سمیت بارہ گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں جن میں چار موٹرسائیکل وسکوٹربھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس تھانہ صدر سے چند گزکے فاصلے پر کوہاٹ چھاوٴنی میں داخل ہونے کے لئے ملٹری پولیس کی چیک پوسٹ بھی واقع ہے تاہم وہ محفوظ رہا۔ پولیس حکام کے مطابق جہاں دھماکہ ہوا وہاں چھ فٹ گہرا اوربارہ فٹ چوڑاگڑھا پیداہوگیا ہے ۔