جنوبی وزیرستان، آپریشن راہ نجات، مزید 6 شدت پسند ہلاک، 12 اہلکار شہید۔ اپ ڈیٹ

جمعہ 13 نومبر 2009 16:02

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 نومبر ۔2009ء) جنوبی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن راہ نجات میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران چھ شدت پسند مارے گئے ، جبکہ بارہ سیکیورٹی اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے ۔

(جاری ہے)

مسلح افواج کے ترجمان کے مطابق جنڈولہ سراروغہ محور پر سکیورٹی فورسز نے احمد وام کے شمال میں اہم چوٹی کلیئر کرالی ہے ،علاقے میں تازہ جھڑپوں میں چھ شدت پسند مارے گئے، جبکہ دو سکیورٹی اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے،خواسئی اور شکئی کنی گرام محور پر تورام کے اردگرد سرچ اور کلئیرنس آپریشن جاری ہے، مختلف علاقوں سےبڑی تعداد میں اسلحہ اور بارود بھی قبضے میں لیا گیا ہے،لنگر خیل میں گذشتہ روززخمی ہونے والے دس سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے ۔

رزمک مکین محورمیں مکین سے مروبی راغزئی تک اور روغہ اور میر کہونی کے علاقےکلیئر کرالئے گئے ہیں، رزمک کیمپ اور لغر منزا میں شدت پسندوں کا راکٹ حملہ ناکام بنا دیا گیا ، سوات اور مالاکنڈ میں شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن راہ راست میں شانگلہ سے شدت پسند قمر علی جبکہ شالپن ، امان کوٹ اور گھل گئی سے تین شدت پسند گرفتار کئے گئے ، ترجمان کے مطابق وزیرستان متاثرین میں دس ہزار نو سو چھیالیس کیش کارڈز تقسیم کردیئے گئے ہیں۔