کراچی،شادمان ٹاؤن کے علاقہ مکینوں کی بروقت اطلاع پر پولیس نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنادیا

جمعہ 1 جنوری 2010 18:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔1جنوری۔ 2010ء) کراچی کے علاقے شادمان ٹاؤن کے علاقہ مکینوں کی بروقت اطلاع پر پولیس نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنادیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق شادمان نمبر 2 کے علاقہ میں مشکوک تھیلا دیکھ کر علاقہ مکینوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ جمعہ کو ہڑتال کے باعث بازار مکمل طور پر بند تھے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نامعلوم موٹر سائیکل سوار 5 کلو دھماکہ خیز مواد بازار میں رکھ کر فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

علاقہ کے مکینوں نے مشکوک تھیلے کو دیکھ کر بروقت پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بناکر دہشت گردی کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق 5 کلو دھماکہ خیز مواد کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ساتھ جوڑا گیا تھا۔ علاقہ مکینوں کی فوری اطلاع نے کراچی کو نئے سال کے آغاز پر دھماکے سے بچالیا اور دہشت گردوں کی سازش کو ایک بار پھر ناکام بنادیا۔

متعلقہ عنوان :