سانحہ کراچی کے متاثر تاجروں کی بحالی اور ان کے نقصانات کے ازالے کیلئے طریقہ کار طے کرلیا گیا ، گورنر سندھ

جمعہ 1 جنوری 2010 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔1جنوری۔ 2010ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ سانحہ کراچی کے متاثر تاجروں کی بحالی اور ان کے نقصانات کے ازالے کیلئے طریقہ کار طے کرلیا گیا ہے۔ جمعہ کو وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے گورنر ہاؤس میں گورنر سے ملاقات کی اور وفاق کی جانب سے قائم کردہ ریلیف فنڈ کیلئے بہتر اور شفاف استعمال پر غور کیا۔

اس موقع پر طے کیا گیا کہ مالی تعاون کی فراہمی متاثرین کو اعتماد میں لیتے ہوئے ان کے نمائندگان کے مشورے سے کی جائے گی۔ نقصانات کا تخمینہ، ان کا ازالہ اور بحالی کے اقدامات میں ہر مرحلے پر متعلقہ تاجر نمائندوں سے شمولیت کو یقینی رکھا جائے گا۔ گورنر نے وفاقی وزیر سے ریلیف فنڈ میں اضافے اور متاثرین کو آفت زدگان کی حیثیت سے سہولتیں پہنچانے کیلئے ضروری اقدامات کیلئے بھی جلد فیصلہ کرنے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں وفاقی وزراء ڈاکٹر فاروق ستار، بابر خان غوری، صوبائی مشیر زبیر موتی والا اور احمد چنائے بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے گورنر کو بتایا کہ انہوں نے متاثرہ علاقوں کا خود جائزہ لیا اور متاثرین سے ملاقات بھی کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت اس سلسلے میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ متاثرہ تاجر فوری طور پر اپنا کاروبار شروع کرسکیں۔ متاثرین کی بحالی اور تجارتی سرگرمیوں کی روانی تک دن رات جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے بی سی اے سمیت متعلقہ اداروں پر مشتمل علاقے میں کیمپ آفس قائم کردیا گیا ہے تاکہ بحالی کا عمل بلا تاخیر ورکاوٹ مکمل ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :