جماعت اسلامی نے سا نحہ بولٹن مارکیٹ پر شہریوں کے ذہنوں میں اٹھنے والے 14سوالات جاری کردیے

جمعہ جنوری 22:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔1جنوری۔ 2010ء) جماعت اسلامی کراچی نے یوم عاشور کے موقع پر ہونے والا خوفناک بم دھماکا بعد ازاں مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں ہزاروں دکانوں کو لوٹنے اور انہیں پراسرار انداز میں نذرآتش کیے جانے پر کراچی کے شہریوں کے ذہنوں اٹھنے والے 14سوالات کی نشاندہی کی ہے، سوالات میں ان نکات کا ذکر کیا گیا ہے؛(۱)… کیا یہ خودکش حملہ تھا؟ پولیس نے بغیر تحقیقات اسے خودکش حملہ قرار دے دیا اور فرضی خودکش حملہ آور کی تصویر بھی جاری کردی اس طرح حکومت نے اپنی جان چھڑالینے کی کوشش کی ۔

اس جلد بازی سے کام کیوں لیاگیا؟یہ کام کس کے اشارے پر ہوا؟(۲)… بم دھماکا روکنا اگر سیکورٹی فورسز کے اختیار میں نہیں ، تو کیا گھنٹوں آتش زنی کرنے اور 3000 سے زائد دکانوں، بیسیوں بلڈنگوں اور مارکیٹوں کو آتش گیر مادہ سے جلادینے والوں کو روکنا بھی سیکورٹی اہلکاروں کے اختیار میں نہیں تھا؟(۳)… دھماکاہونے کے صرف چند منٹوں بعدمخصوص کیمیکل اورآتش گیر مادے کے ذریعے منظم انداز میں آگ کس نے لگائی؟ دکانوں کے تالے کاٹ کر لوٹ مار کس نے کی؟ اسلحے کی دکانیں کس نے لوٹیں؟ اورشھر بھر میں فائرنگ کس نے کی؟(۴)… اگر یہ دھماکے کا فطری ردعمل تھا تو کیا عزا دار آگ لگانے والے کیمیکلز اور تالے کاٹنے والے اوزار بھی ساتھ لے کر آئے تھے؟ یا کوئی اور منظم گروہ پہلے سے تیار تھا جو سانحہ کی آڑ میں اپنا کام کرگیا؟ (۵)… 12 مئی، 9 اپریل اور 27دسمبرکی طرح‘ 10 محرم کو بھی پولیس اوررینجرز کے اہلکاروں نے دہشت گردی، لوٹ ماراور آتش زنی کرنے والوں کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔

کس اتھارٹی نے انہیں کاروائی سے روکا؟ اور کیوں روکا؟ (۶)… آگ بجھانے پر مامور فائر بریگیڈ کو پہنچنے میں تاخیر کیوں ہوئی؟ فائر بریگیڈ کو کس نے روکا؟جبکہ ان کے مراکز قریب ہی واقع تھے؟ (وکلاء کو زندہ جلانے والے دن بھی یہی ہوا تھا۔)(۷)…فائر بریگیڈ کے پاس پانی کی کمی کیوں تھی؟ آگ بجھانے والا کیمیکل (فوم) ان کے پاس موجود کیوں نہیں تھاجس کے ذریعہ پلاسٹک اور کیمیکل میں لگنے والی آگ بجھائی جاتی ہے؟(۸)… بے نظیر کے قتل کے ردعمل اور انتظامیہ کے غیر موثر ہونے کے تجربے کے بعد بھی کرائسس مینیجمنٹ کا موثر انتظام کیوں نہ کیا گیا؟ کون ذمہ دار ہے؟ یہاں کس کی حکومت ہے؟(۹)… دھماکے اور امام بارگاہوں اور مساجد پر حملے سارے ملک میں ہوتے رہے ہیں مگر کراچی کے اس دھماکے پر جیسا ردعمل ہوا ویسا نہیں اور نہیں ہوا۔

آخر یہاں کیا خاص بات ہے؟ (۱۰)… کیا 12 مئی،9 اپریل ،12ربیع الاول اور 27دسمبر کی طرح اس کی تحقیقات بھی سرد خانے کی نذر ہوجائے گی؟ یا اسے منظر عام پر لا کر کراچی کو یرغمال بنانے والوں کو بے نقاب کیا جاسکے گا؟(۱۱)… نشتر پارک میں تباہ کن دھماکا (12ربیع الاول)، چیف جسٹس کے استقبال پر خون ریزی(12مئی)، وکلاء کو زندہ جلانے(9 اپریل) ، بے نظیر کے قتل پر ردعمل(27 دسمبر) کے سانحات کے تسلسل میں اب یوم عاشور کا دھماکا اور اس کے فوری بعد ایسے منظم اور منصوبہ بند ردعمل کی حقیقت کب کھلے گی؟ انصاف کب ہوگا؟ (۱۲) کیا ایم اے جناح روڈ دھماکا اور اس کے ایسے فوری ردّعمل کے پیچھے ایک ہی ذہن‘ ایک ہی منصوبہ ساز اور ایک ہی ہاتھ کارفرمانہیں؟(۱۳) شہر کے پرانے اور اہم ترین تجارتی مرکز کی منصوبہ بند تباہی‘ نئے پلازے تعمیر کرنے کے لئے تو نہیں؟(۱۴) دھماکا اور بعد کی آتش زنی کا ایک مقصد فرقہ وارانہ اور مسلکی لڑائی کی آگ لگاکر امریکی ایجنڈا پورا کرنا تو نہیں؟

متعلقہ عنوان :

Your Thoughts and Comments