لکی مروت خودکش حملہ، جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافہ، شہدا کی نمازجنازہ ادا،واقعہ کا مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف درج

ہفتہ 2 جنوری 2010 13:09

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔2جنوری۔ 2010ء) لکی مروت دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد مزید بڑھ گئی ہے ۔ سانحے میں اب تک 93 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ ستر سے زائد افراد زخمی ہیں۔ جن میتوں کی شناخت ہوچکی ہے انہیں آبائی گاوں روانہ کیا گیا جہاں ان کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی ہے۔دھماکے سے بڑی تعداد میں مکانات بھی زمین بوس ہوگئے۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں نوجوان اور بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

چار شدید زخمیوں عبدالمالک، ابراہیم، عمرگل اورحبیب اللہ کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیاگیا ہے ۔اٹھاسی افراد کے جسد خاکی شاہ حسن خیل منتقل کردیئے گئے۔ شہدا کی اجتماعی نماز جنازہ تین مقامات پر ادا کی گئی۔لکی مروت خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والے اٹھاسی افراد کی نماز جنازہ لکی مروت کے علاقے شاہ حسن خیل میں تین مقامات ادا کی گئی۔شہدا کی میتیں شاہ حسن خیل منتقل کردی گئی ہیں۔ خودکش حملے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔پولیس نے تحقیقات کے لئے تین رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔