بھارت ممبئی حملوں کو بہانہ بناکر پاکستان کے ساتھ مذاکرات سے منہ موڑ رہا ہے  حریت کانفرنس ،مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے پاکستان بھارت اور کشمیریوں کے مابین ٹھوس بنیادوں پر عملی اقدامات کئے جائیں  میرواعظ عمر فاروق

ہفتہ 2 جنوری 2010 13:56

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔2جنوری۔ 2010ء) حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارت ممبئی حملوں کو بہانہ بناکر پاکستان کے ساتھ مذاکرات سے منہ موڑ رہا ہے  دونوں ممالک کے عوام مسئلہ کشمیر بارے انسانی بنیادوں پر سوچیں  مسئلہ کے حل کیلئے پاکستان بھارت اور کشمیریوں کے مابین ٹھوس بنیادوں پر عملی اقدامات کئے جائیں گزشتہ روز عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ آج پوری دنیا نئے سال کی آمد کا جشن منا رہی ہے ، کشمیری عوام مسلسل مصائب کا شکار ہیں۔

میر واعظ نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے ہیں سال 2010 بھی کشمیری عوام کو درپیش مصائب کے حوالے سے گزشتہ 62سال کا تسلسل ثابت ہو۔ انہوں نے کہا کہ عیسوی کلینڈر کے اعتبار سے 2010 کا آغاز ہو چکا ہے اور وقت تیزی سے گزرتا جارہا ہے لیکن افسوس تقریباً سات دہائیوں کا طویل عرصہ مکمل ہونے کے باوجوداب تک دیرینہ مسئلہ کشمیر کے دائمی اور پائیدار حل کیلئے کوئی ٹھوس کوشش نہیں ہو سکی جو برصغیر کی سیاسی تاریخ کا ایک المیہ ہے اور اسکی بنیادی وجہ بھارتی حکومت کا ہٹ دھرمی، ضد اور روایتی پالیسی پر قائم رہنا ہے ۔

(جاری ہے)

اس سنگین اور جاں گسل مسئلہ کا حل اس وقت تک ہرگز ممکن نہیں جب تک نہ خلوص نیت کے ساتھ بھارت ،پاکستان اور کشمیریوں کے مابین ٹھوس بنیادوں پر عملی اقدامات کئے جائیں، جس کیلئے کل جماعتی حریت کانفرنس نے پہلے ہی بھارتی حکومت کو اپنی تجاویز پیش کردی ہے۔پاکستان کاتذکرہ کرتے ہوئے حریت چیئر مین نے کہا کہ حکومت پاکستان کو داخلی طور کئی چیلنجوں اور مشکلات کے باوجود خطہ میں امن وسلامتی، سیاسی استحکام اور جموں وکشمیر کے ستم رسیدہ عوام کی خواہشات اور مشکلات کو مدنظررکھتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم سیدیوسف رضاگیلانی نے اپنے بھارتی ہم منصب ڈاکٹر منموہن سنگھ کو دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کے بنیادی سبب یعنی مسئلہ کشمیر پر براہ راست جو مذاکرات کی پیشکش کی ہے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے حریت چیرمین نے کہا کہ حکومت ہند کو مزید وقت ضائع کئے بغیر اس پیشکش کا مثبت جواب دیکر فوری طورپر مذاکراتی عمل کا آغاز کرنا چاہئے کیونکہ اسی میں نہ صرف پورے خطہ بلکہ خود بھارتی عوام کی سلامتی ، خوشحالی اور تعمیر و ترقی کا راز مضمر ہے۔

تاہم حریت چیرمین نے دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کیلئے غیر سرکاری سطح پر سول سوسائٹی کے رابطوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اہالیان سوپور جنہوں نے رواں تحریک آزادی فوج اور نیم فوجی دستوں کے ہاتھو ں جن بے شمار مصائب اور تکالیف کا سامنا کیا ہے وہ ناقابل بیان ہے ۔حریت چیرمین نے سوپور میں ایک بار پھر فورسز کی جانب سے نہتے عوام کو تختہ مشق بنانے کی بہیمانہ کارروائیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ۔میرواعظ نے کہا کہ حکومت ایک طرف عوام کو راحت اور سہولیات پہنچانے کی بلند بانگ دعوے کررہی ہے اور دوسری طرف سخت سردی کے ایام میں بھی لوگوں کو شدید مشکلات اور گوناگوں تکالیف سے دوچار کیا جارہا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے