وزیراعلیٰ بلوچستان نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے فیصلے پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کیلئے احکامات جاری کردئیے

ہفتہ جنوری 15:12

ڈیرہ مراد جمالی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔2جنوری۔ 2010ء) وزیر اعلی بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی جانب سے آغاز حقوق بلوچستان پیکیج کے اعلان کی روشنی میں اور گوادر میں این ایف سی ایوارڈ کی تقسیم کی تاریخی دستاویزات پر دستخط کے بعد بلوچستان میں جنرل پرویز مشرف کے دور سے لے کر اب تک لاپتہ ہونے والے افراد کی بازیابی کے فیصلے پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کی غرض سے سیکرٹری داخلہ اور بلوچستان بھر کے تمام اضلاع کو خصوصی احکامات جاری کردئیے ہیں سرکاری ذرائع سے موصول ہونے والی مصدقہ اطلاعات کے مطابق وزیر اعلی نواب محمد اسلم رئیسانی نے بلوچستان کے تمام اضلاع کے ضلعی رابطہ افسران کو سختی کے ساتھ ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اندر اپنے اپنے اضلاع سے لاپتہ ہونے والے افراد کے کوائف جمع کرکے صوبائی حکومت کو ارسال کردیں تاکہ ان افراد کی بازیابی کیلئے فوری اقدامات کئے جاسکیں سرکاری ذرائع کے مطابق صوبے کے تمام ڈی سی اوز نے دیگر تمام سرکاری مصروفیات کو پس پشت ڈال کر وزیر اعلی کی ہدایات کی روشنی میں اپنے اضلاع سے لاپتہ ہونے والے افراد کے کوائف جمع کرنے پر تمام تر توجہ مرکوز کر رکھی ہیں اس سلسلے میں بی این پی اور نیشنل پارٹی سمیت تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور تنظیموں کے نمائندوں اور لاپتہ افراد کے لواحقین کے ساتھ ملاقاتیں شروع کردی ہیں۔