رچرڈ بالبروک چودہ جنوری کو پاکستان آئینگے، شاہ محمود قریشی

بدھ 6 جنوری 2010 19:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔06جنوری۔ 2010ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نئے امریکن امیگریشن قانون میں بہت سے نکات قابل اعتراض ہیں۔ امریکی نمائندے رچرڈ بالبروک چودہ جنوری کو پاکستان آئینگے ان سے اس قانون کے حوالے سے بات چیت کرینگے۔ کراچی میں غلام مصطفی جتوئی مرحوم کے گھر پر ان کے بیٹے غلام مرتضیٰ جتوئی سے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکی قانون کے حوالے سے دفتر خارجہ سے تفصیلات طلب کرلی ہیں اور اس قانون کے خلاف امریکی سول سوسائٹی نے بھی آواز اٹھائی ہے۔

دفتر خارجہ سے تفصیلی رپورٹ ملنے کے بعد حتمی فیصلہ کرینگے۔ انہوں نے پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے بتایا کہ بھارتی وزیر خارجہ کرشنا کو تجاویز دی ہیں اور بھارتی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم سے بات کرنے کے بعد جواب دینگے۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ میں پاکستانی کردار کے حوالے سے بھارت سے نجی سطح پر اس کردار کو بہت سراہا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے پاک بھارت جنگ کے حوالے سے کہا کہ جنگ کئی انداز میں لڑی جاتی ہے ہم قلم اور تحریر کے ذریعے کشمیریوں کی داد رسی کرسکتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے امریکی ویزے کے حوالے سے بتایا کہ امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن سے بات ہوئی ہے بہت حد تک معاملات حل ہوگئے ہیں اور مزید حل ہوجائینگے۔

متعلقہ عنوان :